وی سی کھادی بورڈ نے ضلع دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جموں//وائس چیئرپرسن جموں وکشمیر کھادی اینڈ ولیج اِنڈسٹریز بورڈ ڈاکٹر حنا بٹ نے جموں ڈویژن بورڈ کے ضلع دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ضلع اَفسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔حکومت نے پی ایم ای جی پی سکیم کے مؤثرعمل آوری کی طرف اُٹھائے گئے اِقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے  ڈاکٹر حنا بٹ نے کہا کہ نظام میں احتساب اور شفافیت لانے کے لئے پی ایم ای جی پی کی ایپلی کیشن اور ای ڈی پی کی ای۔ ٹریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں بیداری کیمپ لگائیں تاکہ عوام کو کلسٹرس کی تشکیل اور اس کے فوائد سے متعلق جانکاری حاصل ہو۔اُنہوں نے سیکرٹری کے وی آئی بی سے کہا کہ وہ جموں ڈویژن کے مختلف اضلاع میں کلسٹروں کے لئے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کرنے کے علاوہ خاص طور پر کھانے پینے کی اشیاء کے گروپوں کی تشکیل کے بارے میں معلومات عام کرنے کے لئے ورکشاپوں کا انعقاد کریں۔وی سی نے مختلف اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے بورڈ کے ذریعے عمل لائی جانے والی مختلف سکیموں پر عمل درآمد کو مزید بہتر اور مستحکم بنانے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں سیکرٹری ، چیف ایگزیکٹیوآفیسر جے اینڈ کے کے وی آئی بی ، ڈپٹی چیف ایگزیکیٹوآفیسر جے اینڈ کے کے وی آئی بی جموں ، سینئر اَفسران اور ضلع افسران نے شرکت کی۔