ویلی ویک اینڈپروگرام،محکمہ سیاحت نے سری نگر ایڈونچر ریس کا اہتمام کیا

سری نگر//محکمہ سیاحت کشمیر نے ویلی ویک اینڈ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر اپنی نوعیت کا پہلا سری نگر ایڈونچر ریس کا اہتمام کیا۔ناظم محکمہ سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ نے نگین میں واٹر سپورٹس سینٹر کے پاس صبح 6بجے دوڑ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں لگ بھگ 100کھلاڑیوں نے حصہ لیا جو مختلف ایڈونچر سپورٹس ایسو سی ایشنوں کے ساتھ وابستہ ہیں۔ایڈونچر ریس نگین جھیل میں 500میٹر کی تیراکی سے شروع کی گئی جس کے بعد نگین کلب سے زبرون پارک تک 15کلومیٹر سائیکلنگ کا اہتمام کیا گیا۔ زبرون پارک سے شنکر آچاریہ پہاڑی کی چوٹی تک ایک کلومیٹر ہائیکنگ اور شنکر آچاریہ سے زبر ون پارک تک 5کلومیٹر دوڑ کا انعقاد کیا گیا۔جے کے ایڈونچر سپورٹس کلب کے مزّمل حسین نے پہلی جبکہ جموں اینڈ کشمیر مائونٹین بائیکنگ کلب کے صہیب المعراج ، جے اینڈ کے ایڈونچر سپورٹس کلب کے سہیل نثار ، جموں اینڈ کشمیر مائونٹینرنگ اینڈ ہائیکنگ کے نواب معظم خان اور جموں اینڈ کشمیر مائونٹین بائیکنگ ایسو سی ایشن کے ڈاکٹر امین ریشی نے بالترتیب دیگر چار پوزشنیں حاصل کیں۔ناظم سیاحت کشمیر نے فاتحین اور شرکأ میں زبرون پارک میں انعامات و اسناد تقسیم کئے۔اس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر نے کہا کہ محکمہ نے پچھلے کئی برسوں سے تمام عمر کے 500کھلاڑیوں کو تیراکی کی تربیت فراہم کی۔یہ کھیل سرگرمیاں محکمہ سیاحت کے ویلی ویک اینڈ پروگرام کے حصے کے طور پر منعقد کی گئیںجن کے تحت موسیقی اور تمدنی ایونٹ ہر سنیچر کی شام منعقد کئے جارہے ہیںاور اگلے دِن اتوار کو کھیل کود و دیگر سیاحت سے منسلک سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ پروگرام کے انعقاد کا مقصد سیاحوں اور مقامی لوگوں کو تفریح فراہم کرنا اور کھیل کود سرگرمیوں میں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔