ویلگام کپوارہ کاگرڈاسٹیشن صارفین کیلئے دردسر

کپوارہ// ویلگام رامحال گرڈ اسٹیشن کے تحت آنے والے علاقوں میں بجلی کا سخت بحران ہے جس کی وجہ سے ترہگام ،کرالہ پورہ سے لیکر کرناہ تک صارفین کو سخت مشکلات کاسامنا ہے ۔ویلگام گرڈ اسٹیشن سے کرناہ ،کرالہ پورہ ،کاری ہامہ،ہری ترہگام ،تارت پورہ اور کیرن رسیونگ اسٹیشنو ں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے جہا ں سے صارفین کو بجلی سپلائی ہوتی ہے تاہم مذکورہ گرڈ اسٹیشن اگرچہ موسم سرما شروع ہونے کے بعد اوور لوڈ ہوتا ہے لیکن صارفین کے مطابق گزشتہ کئی روز سے مذکورہ علاقوں میں مزید بجلی بحران پیدا ہوا ہے اور ہر 5منٹ کے بعد بجلی سپلائی کو کا ٹ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے شام ہوتے ہیں کرناہ ،کرالہ پورہ ،ترہگام ،تارت پورہ ،کیرن اور کاری ہامہ کے ساتھ منسلک علاقے شام ہوتے ہی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ۔صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ5روز میں صارفین کو محض 6گھنٹہ بجلی نصیب ہوئی ہے جو سر اسر ناانصافی ہے ۔اس دوران محکمہ بجلی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حالیہ برف باری کی وجہ سے جنوبی کشمیر میں بجلی ٹاوروں کو نقصان پہنچنے سے امر گڑھ سوپور ،دلنہ بارہ مولہ ،آرم پورہ درگمولہ اور ویلگام رامحال گرڈ اسٹیشن کو صرف ایک ہی سر کٹ سے بجلی سپلائی ہوتی ہے جس کی وجہ ویلگام رامحال گرڈ اسٹیشن ہر 5منٹ کے بعد اوور لو ڈ ہوتا ہے ۔ذرائع نے بتا یا کہ مذکورہ گرڈ اسٹیشن محض 6سو ایمپیئر بجلی برداشت کرتا ہے لیکن گرڈ اسٹیشن پر سخت دبائو ہے اور ہر 5منٹ کے بعد مذکورہ گرڈ اسٹیشن میں 630ایمپیئر لو ڈ ہوتے ہی بجلی سپلائی متاثر ہوتی ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ کے انجینئرو ں نے اب کرالہ پورہ ،ہری ترہگام ،کاری ہامہ ،تارت پورہ ،کرناہ اور کیرن رسیونگ اسٹیشنو ں کے لئے ایک الگ اور انوکھا شیڈول مرتب کیا ہے جس کے تحت ہر ایک  رسیونگ اسٹیشن کو باری باری 15منٹ کے لئے بجلی سپلائی کا ٹ دی جائے گی تاکہ گرڈ اسٹیشن ویلگام پر بجلی کا دبائو کم ہو اور باقی علاقوں میں کسی خلل کے بغیر بجلی سپلائی جاری رہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ بجلی نے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات نہیں کئے تووہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوںگے ۔انہو ں انتظامیہ سے فوری طور اقدامات کامطالبہ کیا ہے ۔