ویشنو دیوی نارائینا سُپر سپشلٹی ہسپتال کا تیسرا یوم تاسیس

 جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے ککریال میں شری ماتا ویشنو دیوی نارائینا سُپر سپشلٹی ہسپتال کے تین سال مکمل ہونے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔تقریب کا انعقاد شری ماتا ویشنودیوی یونیورسٹی کے ماتریکا آڈیٹوریم میں کیا گیا۔نارائینا ہیلتھ کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر دیوی پرساد شیٹی ، ایس ایم وی ڈی ایس بی کے ممبر ڈاکٹر اشوک بھان، ایس ایم وی ڈی کالج آف نرسنگ کے گورننگ باڈی کے چیئرمین میجر جنرل( ریٹائرڈ) ایس کے شرما،بورڈ کے سی ای او سمرن دیپ سنگھ، ڈپٹی کمشنر ریاسی اندو چِب اور کئی دیگر اہم شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔گورنر نے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات بہم پہنچانے اور لوگوں کی توقعات پر کھرا اُترنے کے لئے ہسپتال عملہ کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال سے متعلق کامیاب داستانیں یہاں کے ڈاکٹروں اور عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے شرائین بورڈ کی طرف سے ہسپتال کو ہر ممکن مدد فراہم کرانے کا یقین دلایا تا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوسکے۔گورنر نے کہا کہ طبی شعبۂ سے وابستہ لوگ صحیح معنوں میں خدمت خلق انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مریضوں کی جانچ بچا کر ایک عظیم کام انجام دیتے ہیں۔گورنر نے مزید کہا کہ طبی عملے کے لئے ایک مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا تا کہ وہ اپنے فرائض پیشہ وارانہ طریقے سے انجام دے سکیں۔گورنر نے ڈاکٹر سرینگ لنڈول، ڈاکٹر جی کیو علاقہ بند اور ڈاکٹر سی ڈی گپتا کو مبارک باد دی جن کی طبی شعبۂ میں بے مثال کام انجام دینے کے لئے اس موقعہ پر عزت افزائی کی گئی۔بعد میں گورنر نے ایس ایم وی ڈی نارائینا ہسپتال کا دورہ کیا اور سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے وہاں کئی مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔