ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز

لاہور//پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔اسکواڈ کا اعلان پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سیریز سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس میں کیا۔ بابراعظم نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے حارث رؤف اور محمد نواز کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دونوں کھلاڑی کچھ وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزارنے کے بعد رواں ماہ کے اختتام پر افغانستان سیریز سے قبل پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں کھلاڑی گزشتہ چند ماہ سے تینوں طرز کی کرکٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈز کا حصہ ہیں، مسلسل کرکٹ کی وجہ سے انہیں اپنے اہلخانہ کیساتھ وقت گزارنے کا موقع نہیں مل سکا۔ بابراعظم نے کہا کہ طویل طرز کی کرکٹ کسی بھی ٹیم کا اصل امتحان ہوتی ہے اور اس طرز کی کرکٹ میں کوئی بھی اوے سیریز کبھی بھی کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتی لیکن مجھے امید ہے کہ پاکستانی ٹیم میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی پچز باؤنسی ہوتی ہیں جو باؤلرز کے لیے تو سازگار رہتی ہیں تاہم ہمارے بلے بازوں نے بھی اس چیلنج سے بہتر انداز میں نمٹنے کی مکمل تیاری کر رکھی ہے ۔یو این آئی