ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیم انڈیا ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے اترے گی

کولکتہ//ہٹ مین روہت شرما کی قیادت والی ہندوستان کی کرکٹ ٹیم جمعہ کے روز یہاں ایڈن گارڈن کرکٹ گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے مقصد سے میدان میں اترے گی۔ ہندوستان کو فی الحال ایک-صفرکی برتری حاصل ہے ۔ نئے چہروں والی ٹیم انڈای اچھی فارم میں نظر آرہی ہے ۔ ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کو تین-صفر سے کلین سویپ کرنے کے بعد، بدھ کے روز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں چھ وکٹوں کی شاندار جیت سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ روہت شرما سامنے سے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف 19 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر انہوں نے ثابت کر دیا کہ انہیں ہٹ مین کیوں کہا جاتا ہے ۔ نوجوان ایشان کشن حالانکہ کچھ جدوجہد کرتے ہوئے نظرآرہے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ سوریہ کمار یادو مڈل آرڈر میں مسلسل اچھی اننگز کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 18 گیندوں پر 34 رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی وینکٹیش ایر نے بھی اس بار موقع نہیں گنوایا اور 13 گیندوں میں زبردست 24 رن بنائے ۔ سابق کپتان وراٹ کوہلی اور وکٹ کیپر رشبھ پنت، تاہم فارم میں واپسی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔گیندبازی میں نوجوان لیگ اسپنر روی بشنوئی نے اپنے بین الاقوامی ڈیبیو میں دو وکٹیں لے کر اپنے لیے مزید مواقع کو یقینی بنایا۔ دریں اثنا، دو بار کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ویسٹ انڈیز کو کمزور تصور نہیں کیاجاسکتا ہے ۔ کیریبین کھلاڑیوں کی صلاحیت اور کارکردگی کو کمزور سمجھنا ہندوستان کی ٹیم کو مہنگا پڑ سکتا ہے ۔ ٹیم کے کچھ کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں جن میں وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن، کائل میئرز، فیبین ایلن، اوڈن اسمتھ، عقیل حسین اور خود کپتان کیرون پولارڈ شامل ہیں۔