ویری کی نبارڈ اور آر ڈی ڈی کو کنورجنس کے تحت سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت

 سرینگر  /دیہی ترقی کے وزیر عبدالرحمان ویری نے نبارڈ اور دیہی ترقی محکمہ کو کنورجنس کے تحت سرگرمیاں شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔وزیر نے یہ ہدایات ایک میٹنگ کے دوران دیں جس میں نبارڈ کے نمائندو ں کے علاوہ محکمہ دیہی ترقی کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔میٹنگ میں سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندا ، ناظم دیہی ترقی کشمیر ایم این شیخ ،ڈائریکٹر فائنانس آر ڈی ڈی ایس ایل پنڈتا ،محکمہ کے دیگر افسران اور نبارڈ کے ڈپٹی جنرل منیجرقمر جاوید بھی موجود تھے۔میٹنگ میں نبارڈ کے ڈپٹی جنرل منیجر نے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور ریاست میں جاری مختلف سکیموں کو فراہم کی جانی والی مالی معاونت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں نبارڈ اور دیہی ترقی محکمہ کے قریبی تال میل کے امکانات تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں یہ بات محسوس کی گئی کہ نبارڈ کی سکل تربیتی پہل کو سیلف ہیلپ گروپوں کے لئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے تاکہ اس سے جڑے لوگ استفادہ کرسکیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ دیہی ترقی ایم جی نریگا کے تحت دیہی ہاٹ تعمیر کرسکتا ہے جس کے لئے نبارڈ 10لاکھ روپے فی ہاٹ کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔وزیر نے اس سلسلے میں سیکرٹری دیہی ترقی ایک منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ نبارڈ نے ریاست میں پروجیکٹوں کی تکمیل اور تعمیر و ترقی کے عمل میں قابل سراہنا کام کیا ہے۔میٹنگ میںفیصلہ لیا گیا کہ دیہی ترقی محکمہ ان مستحق افراد کی نشاندہی کرے گا جن کو نبارڈ کے سکل انشیٹیو کے تحت ہنروں کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ باعز ت طریقے پر روزگار کما سکیں۔