ویری کاعوامی نوعیت کے معاملات کے فوری نپٹارے پر زور

جموں //مال ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے عوامی اہمیت کے حامل معاملات کو فوری طور سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ وزیر موصوف جموں میں افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران خطاب کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مال ، کمشنر سیکرٹری ریونیو اور صوبائی کمشنر جموں بھی موجود تھے ۔ وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ایک مقررہ مدت کے اندر اندر ان معاملات کا حل تلاش کریں تا کہ لوگوں کو فائدہ حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ عملے سے متواتر طور رپورٹ حاصل کیا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی سے جُڑے معاملات لوگوں کے لئے آسان بنائے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ڈی ایم ایس کو وقتاً فوقتاً اس عمل کا جائیزہ لینا چاہئیے ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ افسروں میں ریونیو قوانین کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے اُن میں بیداری پیدا کی جانی چاہئیے اور انہیں لازمی تربیت دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینے کی 25 تاریخ کو افسروں کیلئے ایک روزہ کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔