ویری ناگ میںدھرنا پر بیٹھے

اننت ناگ//ویری ناگ میں فارسٹ رینج دفتر کے احاطے میں اُس وقت افرا تفری مچ گئی جب یہاں دھرنا پر بیٹھے ایک عارضی ملازم نے خود سوزی کرنے کی کوشش کی جس کو دیگر ساتھیوں نے ناکام بنادیا ۔محکمہ جنگلات میں تعینات عارضی ملازمین کے ایک گروپ نے جمعہ کو رینج دفتر مقفل کر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا ۔احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ لوگ گذشتہ کئی سالوں سے محکمہ میں تعینات ہے ،گذشتہ ہفتے رینج آفیسر ویری ناگ نے اثر رسوخ رکھنے والے38 ملازمین کے حق میں مشاہرے واگذار کئے اور دیگر 30کو نظرانداز کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مشاہرے کی عدم فراہمی کی وجہ سے انہیں سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔اس بیچ ہفتہ کو دھرنے پر بیٹھے ایک کیجول لیبر عاشق حُسین نائیکو ساکنہ بٹہ گنڈ نے خود سوزی کرنے کی کوشش کی جس کو یہاں موجود دیگر ساتھیوں نے ناکام بنا دیا ۔خود سوزی کرنے والے عارضی ملازم کا کہنا تھا کہ محکمہ غریب ملازمین کو نظر انداز کر رہا ہے ۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر اننت ناگ فیروز احمد چکٹ نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رینج آفس ویری ناگ میں عارضی ملازمین کی کل تعداد47ہے جس میں37کے حق میں مشاہرے واگذار کئے گئے جبکہ10دیگر کی تفاصیل موصول نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک مشاہرہ فراہم نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ رینج آفیسر ویری ناگ کو ہدایت دی گئی کہ انکی شیٹ جلد تیار کی جائے تاکہ اُن کا مشاہرہ بھی واگذار کیا جائے ۔