ویری فکیشن کے بغیر کرایہ داری | جموںمیں12ایف آئی آر درج

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//جموں ضلع کی پولیس نے جنوبی سب ڈویژن کے تحت آنے والے جموں صوبے کے مختلف علاقوں میں ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے اور پولیس تصدیق کے بغیر کرایہ داروں کو رکھنے پر مکان مالکان کے خلاف بارہ مقدمات درج کیے ہیں۔پولیس نے کہاکہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جنوبی زون جموں کے مشرقی سب ڈویژن میں مکانات، زمین کے مالکان کے خلاف دفعہ 163بھارتیہ ناگرک تحفظ سنہتا کے تحت جاری کردہ ڈی ایم آرڈر کی خلاف ورزی کرنے پر بارہ مقدمات (ایف آئی آر) درج کیے گئے ہیں جوضلع بھر میں مقیم کرایہ داروں، باہر کے لوگوں کی ضلعی پولیس جموں کو معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ پولیس نے کہاکہ ایس ایس پی جموں کی ہدایت پر ایس پی جنوبی جموں اجے شرما اور ایس ڈی پی او ایسٹ شیزان بٹ کی سربراہی میں ٹیموں کے ذریعہ ایک مشق شروع کی گئی ہے تاکہ متعلقہ کی معلومات اور تصدیق کے بغیر کرایہ داروں اور گھریلو ملازموں کے طور پر رہنے والے تمام بیرونی لوگوں کی تصدیق ہوجائے۔مہم کے دوران، پولیس سٹیشن باہو فورٹ میں دس اور پولیس سٹیشن چھی ہمت میں دو مقدمات بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیے گئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع مجسٹریٹ جموں نے پہلے ہی مالکان کو دفعہ 163 بی این ایس ایس کے تحت ضلع جموں کے دائرہ اختیار میں کرایہ داروں کی پولیس تصدیق کروانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔