ویران سڑکوں پر کرکٹ کے نظارے

سرینگر // وزیر اعظم نریندر مودی کی کشمیر آمد پرمشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کے دوران شہر میں ویران سڑکوں پر کھلی دھوپ کے دوران نوجوان کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھائی دئے۔سڑکوں پر کرکٹ کھلنے والے نوجوانوں کا کہنا ہے یہاں کوئی بھی آئے ،ہمیں اُس سے کوئی فائدہ نہیں لیکن آج کی ہڑتال اور موسم کے صاف ہونے کا ہم فائدہ اٹھا کر کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔سول لائنز سے لیکر پائین شہر تک ایسے ہی نظارے دیکھنے کو ملے جہاں جگہ جگہ نوجوانوں نے ہاتھوں میں گیندیں اور بلے اٹھا رکھے تھے اور سڑکوں کے بیچوں بیچ کرکٹ کھیل رہے تھے ۔کرسو راج باغ بنڈ پر سڑک کے بیچ کرکٹ کا مزہ لے رہے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وزیر عظم کشمیر آئے ،انہیں اس بارے میں کوئی علمیت نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گھروں میں بجلی نہیں، موبائل انٹر نیٹ بھی رات سے بند ہے اوراب وہ کرکٹ کا مزہ لے رہے ہیں۔ادھر پریس کالونی ، بٹہ مالو ، شہید گنج ، رعنا واری ، بابہ ڈیمب ، کاٹھی دروازہ ، نرورہ کے علاوہ ، بمنہ، کرالپورہ ، نٹی پورہ ، مہجور نگر اور دیگر علاقوں میں بھی نوجوان سڑکوں پر کرکٹ کھلتے ہوئے دیکھے گئے ۔