سرینگر// وادی کے معروف ادیب، شاعر، قلمکار، ترجمہ کار اور مثنوی نگار وہاب پرے حاجنی کی یاد میں ایک آن لائن ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی۔ تقریب کے آغاز میںجمیل انصاری نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وہاب پرے حاجنی نے کشمیری زبان و ادب کو بہت کچھ دیا ہے۔ وہ شاہنامہ فردوسی کے کشمیری ترجمہ کار اور روایت ساز مثنوی نگار رہے ہیں۔ ان کی یاد میں اس تقریب کا اہتمام کرکے ریڈیو لسنرس ایسوسی ایشن نے حق ادائی کی ایک حتی المقدور کوشش کی ہے۔ تقریب میں وہاب پرے حاجنی کے حوالے سے بہت سے ادیبوں اور دانشوروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جن میں پروفیسر بشر بشر، شہباز ہاکباری، علی محمد نشتر، ڈاکٹر عادل محی الدین، ڈاکٹر ریاض الحسن، شاکر شفیع، نور محمد عادل، شبیر مقبول،میر غلام حسن اور عرفی جان شامل ہیں۔ صدارتی تقریر میں پروفیسر محمد زمان آزردہ نے آن لائن تقریب کے انعقاد کیلئے ریڈیو لنسرس ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہاب پرے حاجنی کشمیری زبان اور ادب کا ایک مقتدر نام ہے اور اْن کے علمی اور ادبی کارناموں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔