وٹر کھنی درگمولہ اورناگہ بل میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج

کپوارہ+اوڑی+گاندربل// وٹر کھنی درگمولہ میں بجلی کی عدمد ستیابی کے خلاف صارفین نے احتجاج کیا۔مقامی آبادی کے مطابق اُن کی بستی بجلی ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث گزشتہ دو ہفتو ں سے بجلی سپلائی سے محروم ہے۔ ایک مقامی شہری منظور احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ان کے گائو ں میں دو ہفتہ قبل بجلی ٹرانسفار مر خراب ہوا جس کے بعد لوگو ں نے خود ہندوارہ ورکشاب مرمت کیلئے پہنچایالیکن ابھی تک اس کو ٹھیک کر کے نصب نہیں کیا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ بجلی ہر سال بجلی کے کھمبوں اور ترسیلی لائنو ں کی مرمت پر بھاری رقم خرچ کرنے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وٹر کھنی علاقہ میں آج بھی بجلی کھمبو ں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ترسیلی لائنو ں کو درختوں سے لٹکایا گیا ہے جس کی وجہ سے ہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے۔مقامی آ بادی نے مطالبہ کیا کہ اگر فوری طور وٹر کھنی میں بجلی نظام کو درست نہیں کیا گیا تو وہ ان بوسیدہ ترسیلی لائنو ں کو اٹھا کر محکمہ کے حوالہ کریں گے ۔نامبلہ اوڑی میں حلقہ اے کے صدر محلہ وارڈ نمبر 5 اور 6 کا بجلی ٹرانسفارمر دس روز قبل خراب ہو گیا ہے اور ابھی تک مرمت کے لئے ورکشاپ نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے آبادی دس روز سے گھپ اندھرے میںہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگر چہ انہوں نے محکمہ کے اہلکاروں سے کئی بار فریاد کی مگر کوئی دادرسی نہیں ہوئی۔بجلی کی ابتر صورتحال پرناگہ بل چوک میں محکمہ بجلی خلاف احتجاج کیا گیا۔ناگہ بل،رنگل سے سے آئے لوگوں نے شیڈول کی مطابق بجلی سپلائی فراہم نہ کرنے کے خلاف گاندربل صورہ شاہراہ پر ناگہ بل چوک میںدھرنا دیا۔مظاہرین میں شامل اشفاق احمد بٹ نامی نوجوان نے نے کہا کہ محکمہ بجلی نے جو آجکل بجلی کا شیڈول ترتیب دیا ہوا ہے ہمیں اس کے مطابق بھی برقی رو فراہم نہیں کی جارہی ہے۔