ووٹ بینک کے طور پر غریبوں کا استعمال کرتے ہیں کانگریس،بی جے ڈی:مودی

بھوانی پٹنہ// وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) پر الزام عائد کیا کہ وہ ہر الیکشن میں ووٹ بینک کے طور غریبوں کا استعمال کرتے ہیں اور الیکشن ختم ہونے کے بعد انھیں دھوکہ دے دیتے ہیں۔ مسٹر مودی نے منگل کو ضلع کالاہانڈی کے بھوانی پٹنہ میں ‘وکاس سنکلپ ریلی’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بی جے ڈی نے غریب کو غریب بنائے رکھنے کے لیے سازش کی ہے ۔ انہوں نے کہا،‘ آپ نے اس ‘پردھان سیوک’کو پانچ سال پہلے منتخب کیا تھا اور تب سے لے کر اب تک میں نے ایک دن چھٹی نہیں لی اور وقت کا درست استعمال ملک کی خدمت ، مسائل کو حل کرنے اور ایک تبدیلی لانے کے لیے کی ہے ۔ یہ سب اس لیے ممکن ہوا ہے کہ آپ نے مجھ پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے اور ان سب کا سہرا ملک کے عوام کو جاتا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں کان کن مافیاؤں اور چٹ فنڈ گھپلے میں ملوث افراد کا بچاؤ کرنے کے لیے نوین پٹنائک حکومت کی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو یہ طے کرنا ہے کہ وہ کان کن مافیا اور چٹ فنڈ گھپلوں کو بڑھاوا دینے والی حکومت چاہتے ہیں یا غریبوں کی حفاظت کرنے والے ‘چوکیدار’ کی حکومت۔ یو این آئی،