’ون سٹاپ سنٹر‘ کی جانب سے بیداری کیمپ کا اہتمام

ڈوڈہ//ون سٹاپ سنٹر  (OSC)سکھی  (SAKHI)کی جانب سے ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں دروڈو، بھدرواہ  اور ڈوڈہ پنچایت حلقہ جات کی خواتین کو ون سٹاپ سنٹر ڈوڈہ میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا گیا۔ یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق سنٹر ایڈمنسٹریٹر نے وہاں موجود خواتین کو ان سہولیات سے استفادہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں انہیں طبی ، قانونی سہولیات، پولیس کی امداد، نفسیاتی مشاورت اور پانچ روز کے لئے عارضی رہائش فراہم کی جا سکتی ہے ۔ سکھی اسکیم کے خدو خال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم مرکزی وزارت برائے خواتین و بہبود اطفال کی جانب سے چلائی گئی ہے جس کا مقصد خواتین کو ان کے حقوق کی جانکاری دینا اور انہیں جنسی ہراسانی سے بچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ون سٹاپ سنٹر ہفتہ کے سات روز اور دن میں چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں جس سے ہر طبقہ اور عمر کی خواتین رابطہ کر سکتی ہیں۔ اس موقعہ پر ہوپ  HOPEنامی تنظیم کی نمائندگان بھی موجود تھیں انہوں نے بھی اس اسکیم اور مرکز کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے ان سے استفادہ کرنے کی ہدایت دی۔