جوہانسبرگ/ جنوبی افریقہ سے سیریز گنواچکی ہندوستانی کرکٹ ٹیم آج سے شروع ہونے جارہے تیسرے اور سیریز کے آخری کرکٹ ٹیسٹ میں عزت بچانے کے ساتھ میزبان ٹیم کے ہاتھوں وائٹ واش سے بھی بچنے کے مقصد سے اترے گی۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ سے پہلا میچ 72 رنوں سے اور دوسرا میچ 135 رنوں سے ہارا تھا اور وہ سیریز پہلے ہی 0۔2 سے گنواچکی ہے ۔ ایسے میں تیسرا میچ بھلے ہی نتیجے کے لحاظ سے اس کے لئے اہم نہ ہو لیکن دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہونے کے ناطے وقار کے لحاظ سے کافی اہم ہوگا۔ وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے آخری میچ میں جیت کے لئے میچ سے قبل سخت پریکٹس بھی شروع کردی ہے اور بلے بازی آرڈر میں اجنکیا رہانے کی واپسی کے بھی اشارے مل رہے ہیں جنہیں گزشتہ میچ میں باہر رکھے جانے کے سلسلے میں کپتان کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ حالانکہ رہانے کو باہر رکھے جانے سے آخری الیون میں کس کھلاڑی کو باہر بیٹھنا ہوگا یہ ابھی واضح نہیں ہے ۔ ونڈرس پچ کی بات کریں تو یہ میدان ہندوستانی ٹیم کے لئے کامیاب رہا ہے اور جنوبی افریقہ میں واحد جیت اسے اسی میدان پر سال 2006 میں ملی تھی۔ یہ میچ ہندوستان نے 123 رن سے جیتا تھا جس میں شانت کمار شری سنت کے پانچ وکٹ کافی اہم تھے ۔ اس کے علاوہ اس نے دسمبر 2013 میں یہاں ایک میچ ڈرا بھی کرایا ہے جبکہ کیپ ٹاؤن اور سنچورین میدانوں کے مقابلے میزبان ٹیم کو اس میدان پر خاص کامیابی نہیں ملی ہے ۔ ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستان سے ایک پائیدان نیچے دوسرے نمبر پر قابض جنوبی افرقہ بھی اس میچ میں اپنے گھریلو حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں کلین سویپ کرناچاہے گی۔ افریقی ٹیم کو اپنے تیز گیند بازوں کی بدولت پچھلے دونوں میچوں میں بڑی کامیابی ملی تھی تو وہیں ہندوستانی بلے باز فلاپ ثابت ہوئے ۔(یو این آئی)
ونڈرس میں آج وائٹ واش سے بچنے کے ارادے سے اترے گا ہندوستان
