ونٹر ٹورازم اور ونٹر سپورٹس کے پروگرام : خورشید گنائی مرکزی ڈائریکٹر جنرل سیاحت سے ملاقی

 نئی دہلی//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کل یہاں مرکزی وزارت برائے سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ستیہ جیت راجن سے ملاقات کی اور ریاست جموں کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے سلسلے میں کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نئی دہلی دھریج گپتا بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے مشیر موصوف کو یقین دلایا کہ مرکزی وزارت سیاحت ریاست کے سیاحتی محکمے کو تمام ضروری امداد فراہم کرے گی تا کہ ریاست کے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جا سکے ۔ ڈائریکٹر جنرل سیاحت نے مشیر موصوف کو صلاح د ی کہ ریاستی حکومت کو نہ صرف مقامی سیاحوں بلکہ بیرونِ ممالک کے سیاحوں کو ریاست کی سیر کرنے پر راغب کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت اس مقصد کیلئے بھی تعاون فراہم کرے گی ۔ مشیر موصوف نے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریاست جموں کشمیر کیلئے اپنے مثبت رویے کا مظاہرہ کیا ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ اگلے تین ماہ کے دوران بالخصوص مارچ 2019 تک ریاست جموں کشمیر میں ونٹر ٹورازم اور ونٹر سپورٹس کے پروگرام چلانے کیلئے خاص امکانات موجود ہیں ۔