وقف ترمیمی بل مسلمانوں کی املاک ہڑپنے کی سازش | اپوزیشن پارٹیاںبل کو مسترد کرنے میں اپنا رول ادا کریں :مرکزی مجلس شوریٰ کشتواڑ

عاصف بٹ

کشتواڑ//مرکزی مجلس شوریٰ ضلع کشتواڑ کا ہنگامی اجلاس مجلس دفتر کشتواڑ میں منعقد ہوا جس میں مجلس عاملہ کے تمام اراکین موجود تھے۔اجلاس میں وقف ترمیمی بل پر طویل غور وفکر کیا گیا اور مختلف زاویوں سے اس بل پر تبصرہ ہوا ۔تمام اراکین نے اس بل پر تشویش کا اظہار کیا اور اسے مسلمانوں کی املاک کو ہڑپنے کی سازش قرار دیا ۔انہوںنے کہا کہ وقف ترمیمی بل نہ صرف غیر آئینی غیر جمہوری اورغیر منصفانہ ہے بلکہ وقف ایکٹ میں کی جانے والی مجوزہ ترامیم آئین ہند سے حاصل مذہبی آزادی کے بھی خلاف اور آئین ہند کے دفعات کی خلاف ورزی ہے، وقف ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش کردہ نئے مجوزہ وقف ترمیمی بل کو وقف کے تحفظ اور شفافیت کے نام پر وقف جائیدادوں کو تہس نہس اور ہڑپنے کی ایک گھناؤنی سازش ہےاور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بل کو واپس لے۔مجلس شوریٰ نے این ڈی اے میں شامل سیکولر سیاسی پارٹیوں اور حزب اختلاف کی تمام پارٹیوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس بل کو ہرگز ہرگز بھی پارلیمنٹ سے منظور نہ ہونے دیں۔ مجلس شوریٰ کا کہناہے کہ اگر وقف املاک کو تباہ کرنے والا اور وقف املاک کے قبضوں کی راہ ہموار کرنے والا یہ بل اگر پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تو خطہ چناب کی مسلم قیادت دوسری اقلیتوں اور تمام انصاف پسند لوگوں کے ساتھ اس کے خلاف ملک گیر تحریک چلائے گا۔