وقف املاک کی آمدنی سے ہسپتال اور سکول بنائینگے : درخشان اندرابی

جموں//جموں کشمیروقف بورڈ کی نئی منتخب صدرڈاکٹر درخشان اندرابی نے وقف جائیدادکی آمدن سے اسکول ،کالج،اوریونیورسٹیاں قائم کرنے کے اپنے عزم کااظہار کیا ہے۔اندرابی جو بھاجپا کی قومی ایگزیکیٹوکی ممبر ہیں،کو اتفاق رائے سے جموں کشمیر وقف بورڈ کا صدربدھ کو منتخب کیاگیا۔اندرابی نے کہا کہ انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے اوراس میں مذہبی مقامات کی دیکھ ریکھ اور تعمیرات ہی شامل نہیں ہیں بلکہ اسکول،کالج،یونیورسٹیاں اور اسپتال جیسے اثاثے قائم کرنابھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نارائنااسپتال اور شری ماتاویشنودیوی یونیورسٹی کی طرح اثاثے قائم کرنا قابل رشک ہیں۔انہوں نے اپنے کام کو عبادت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی طرف سے قائم کی جانے والی سہولیات بلا لحاظ ومذہب وملت سب کے استفادے کیلئے ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وقف جائیداد کاتحفظ اور اس کاصحیح استعمال ان کی ترجیح ہوگی۔ڈاکٹراندرابی نے وقف ممبران کا شکریہ اداکیا جنہوں نے انہیں اتفاق رائے سے وقف بورڈ کا صدرمنتخب کیا۔جموں کشمیروقف بورڈ 32000جائیدادوں کی دیکھ ریکھ کرتا ہے جن میں زیارت گاہیں اورمساجد شامل ہیں ۔ان میں گزشتہ برس25000کی جیوٹیگنگ کی گئی ۔حکام کے مطابق وقف کی بقیہ جائیدادکی بھی جیوٹینگنگ عنقریب کی جائے گی۔ڈاکٹراندرابی نے بدھ شام کو لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی ۔اس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنرسے ممبران پرزوردیا کہ وہ تندہی اور لگن سے کام کریں۔