وقفہ وقفہ سے بارشیں جاری

منجا کوٹ میں بارشوں سے فصلیں تباہ 

پرویز خان 
منجا کوٹ //راجوری ضلع کی منجا کو ٹ تحصیل میں گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارشوں و آندھی کی وجہ سے مکئی و دیگر فصلیں مکمل طورپر تباہ ہو گئی ہیں ۔کسانوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں خطہ کے دیگر علاقوں کی ہی طرح منجا کوٹ تحصیل کے متعدد دیہات میں شدید بارشیں ہوئی جسکی وجہ سے جہاں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا وہائیں مکئی ،سبزیوں کیساتھ ساتھ میوہ جات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ تحصیل کی لگ بھگ ہر ایک پنچایت میں فصلیں متاثر ہوئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کی محنت پر بارشوں نے پانی پھیر دیا ہے ۔کسانوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں ہوئے نقصان کا تخمینہ لگا کر ان کو معاوضہ دیا جائے ۔
 
 

اجوٹ گائوں میں فصلیں تباہ 

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گائوں اجوٹ میں شدید بارش سے فصلوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ فصلوں کو شدید نقصان ہونے پر متاثرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے امداد کی اپیل کی ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گائوں میں لگاتار طوفانی بارش اور اور تیز ہوائوں کے بعد سینکڑوں ایکڑ فصلوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ اجوٹ گائوں میں وقفہ وقفہ سے جاری اس طوفانی بارش نے سبز کھیتوں کوتباہی میں تبدیل کردیاجس سے کسانوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں برس کسان اپنی فصلوں کی اچھی پیداوار کیلئے پْرامید تھے تاہم بارشوں نے ان کی توقعات پر پانی پھیر دیا۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ نقصان کا جائزہ لے کر کسانوں کے مدد کریں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ضلع ایگریکلچر افسر پونچھ دھرمیش وید نے بتایا کہ ان کے محکمہ کے افسران کی ایک ٹیم جگہ جگہ پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے وہ اس سلسلہ میں ایک رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو روانہ کررہے ہیں تاکہ کسانوں کے نقصانات کی کچھ حد تک بھرپائی ہوسکے۔