وسیم اکرم باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

لاہور/ورلڈکپ 1922 کی فاتح ٹیم کے اہم رکن اور پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم 20 فروری بروز اتوار کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے 1985 سے 2003 پر مشتمل اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر میں 915 وکٹیں اور 6615 رنز اسکور کیے۔آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن سر ویوین رچرڈز نے باضابطہ طور پر انہیں پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرتے ہوئے ایک اعزازی ٹوپی اور ایک پلاک پیش کی۔ یہ تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے 28ویں میچ سے قبل منعقد کی گئی۔وسیم اکرم کے علاوہ سابق کپتان عمران خان، عبدالقادر، فضل محمود، حنیف محمد، جاوید میانداد، وقار یونس اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ ہیں۔ ان تمام ارکان کو بھی آئندہ چند روز میں باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرلیا جائے گا۔سر ویوین رچرڈزنے کہا کہ خوشی ہے کہ وسیم اکرم کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنے کا موقع انہیں ملا ہے۔ وسیم اکرم کے ساتھ ان کی پہلی ملاقات 1984 میں آسٹریلیا میں ہوئی تھی۔ انہیں خوشی تھی کہ وہ اپنے کیرئیر میں ان کا زیادہ سامنا نہیں کریں گے۔انہیں واضح طور پر یاد ہے کہ وہ اس وقت ہی اپنی ٹیم کے جونیئر ساتھیوں سے کہا کرتے تھےکہ وسیم اکرم اپنے دور کے بیٹرز کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور وسیم اکرم نے بھی انہیں درست ثابت کیا، وسیم اکرم کھیلوں کے ایک بہترین ایمبیسڈر اور ایک شاندار کرکٹر تھے۔