سرینگر/ایک سرکاری بیان میں جمعہ کو بتایا گیا کہ سرینگر پارلیمانی حلقہ میں گذشتہ روز ہوئی ووٹنگ کے دوران مختلف علاقوں میں حفاظتی عملے اور پولنگ عملے پر پتھر بازی کے کئی واقعات پیش آئے۔
بیان کے مطابق ''چناؤ عمل کے دوران مختلف مقامات پر شر پسند عناصر نے حفاظتی عملے پر شدید پتھر بازی کی ۔ تا ہم حفاظتی عملے نے امن و قانون کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران انتہائی صبر و تحمل سے کام لیا''۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف مقامات پر پتھر بازی کی وجہ سے2 ڈی ایس پیز سمیت پولیس اور حفاظتی عملے کے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے ایک واقعہ میں حیدر پورہ میں ایک عام ڈرائیور محمد یٰسین ڈار عمر22 سال کو سر میں شدید چوٹیں آئیں۔ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بیان میں عام لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولنگ ڈیوٹی پر تعینات عملے کے ساتھ پُر امن طریقے پر تعاون کریں۔ بیان میں انتظامیہ کے حوالے سے کہا گیا ہے '' اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی''۔