وزیر مملکت امور داخلہ کی صدارت میں سیکورٹی میٹنگ

سرینگر //مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے کمار مشرا نے جموں و کشمیر میں مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔مشرا  نے پولیس ہیڈکوارٹر میںپولیس و سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کی جس میں مرکزی وزیر نے کہا کہ مختلف فورسز کے درمیان تال میل کی وجہ سے ترقی کیلئے امن کا ماحول پیدا ہوا ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دائمی امن کیلئے محنت و لگن کے ساتھ کام کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بغیر کسی جانی و مالی نقصان کے صورتحال سے بہتر طریقے سے نپٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان ضلع میں لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران میں یہ سمجھا ہوں کہ لوگوں کی اُمیدوں پر کھرا اترنے سے ہی پولیس اور سیول انتظامیہ پر بھروسہ بڑھا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہ دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد لوگوں میں آئی تبدیلی کو محسوس کرسکتا ہوں کیونکہ یہاں لوگ بنیادی ڈھانچہ، تعلیم ، روزگار اور صحت میں بہتری کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس و سیکورٹی فورسز اورانتظامیہ پر لوگوں کا بھروسہ بڑھ گیا ہے اور ماحول میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں میں تعاون کی وجہ سے سیکورٹی صورتحال کافی بدل گئی ہے اور امن و قانون کی صورتحال میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگرم جنگجووں کی تعداد اور دہشت گرد گروپوں میں بھٹکے ہوئے نوجوانوں کی بھرتی میں بھی کمی آئی ہے۔