وزیر دفاع نے2ایکسلینس مراکز قوم کو وقف کئے

نئی دہلی//یو این آئی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کل روڈ سیفٹی میں برتری حاصل کرنے اور سڑکوں ، پلوں ، ائر فیلڈز اور سرنگوں کے میدان میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے دو ایکسیلینس مراکز کو قوم کے لئے وقف کیا۔جمعہ کو یہاں بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ، سیکریٹری دفاع اجے کمار ، تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودھری اور دیگر معززین شریک ہوئے تھے ۔ وزیر دفاع نے سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے سلسلے میں تنظیم کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی کوششوں اور وژن کی تعریف کی اور کہا کہ یہ مراکز ملک کی بہتر سلامتی کے لئے کام کریں گے اور وزیر اعظم کے 'خود کفیل ہندوستان کے خواب' کو مناسب طریقے سے فروغ دیں گے ۔ تنظیم نے اپنے خود کے وسائل کے ذریعہ یہ دونوں ایکسلینس مراکز بنائے ہیں۔