وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا مختلف دفاتر کا اچانک معائنہ | ہندوستان 75 سے زیادہ ممالک کو دفاعی سازوسامان فراہم کر رہا ہے

نئی دہلی//یو این آئی// وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ساوتھ بلاک میں واقع وزارت دفاع کے مختلف دفاتر کا اچانک معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔مسٹر سنگھ پیر کو اچانک مختلف دفاتر اور محکموں کے دورہ پر گئے۔ انہوں نے دفاتر میں صفائی ستھرائی اور کام کاج کے ماحول کا جائزہ لیا اور ملازمین کے ساتھ بات چیت کی۔وزارت دفاع کو جن محکموں میں بہتری گنجائش نظر آئی انہوں نے وہاں بہتری کے سلسلہ میں ہدایت دی۔ ان کے ساتھ دفاعی پروڈکشن کے  سکریٹری راجکمار اور دیگر سینئر حکام بھی تھے۔اس دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت دفاعی شعبے میں جدید کاری اور صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے نتیجے میں گزشتہ پانچ برسوں میں ملک کی دفاعی برآمدات میں 334 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ہندوستان اب 75 فیصد سے زیادہ ممالک کو ایکسپورٹ بھی کر رہا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے آئندہ مارچ میں گجرات کے گاندھی نگر میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش 2022 سے قبل پیر کیروز یہاں مختلف ممالک کے سفیروں کے ساتھ ایک گول میز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے دفاعی سازوسامان کے درآمد کنندہ کا رول مسلسل بدل رہا ہے اور دفاعی شعبے میں برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلح افواج کی جدید کاری ، اعلیٰ معیار اور سستے ہتھیاروں کے نظام اور پلیٹ فارم تیار کرنے کی سمت میں کئی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ ہماری دفاعی برآمدات میں گزشتہ پانچ سالوں میں 334 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب ہندوستان 75 سے زائد ممالک کو برآمدات کر رہا ہے۔