وزیر داخلہ کا جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ | 16جون کو وزارت داخلہ کی میٹنگ طلب امر ناتھ یاترا اور ملی ٹینٹوں حملوں کے بارے میںتبادلہ خیال ہوگا

File Photo

یو این آئی

نئی دہلی// جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو یہاں سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا اور فوج اور مرکزی وزارت داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔شاہ نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے اور امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کو نارتھ بلاک میں ایک میٹنگ بلانے کی بھی ہدایت دی۔ قبل ازیں جمعرات کو مودی نے شاہ اور ڈوبھال اور دیگر سینئرعہدیداروں کے ساتھ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ سنہا نے وزیر اعظم کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا تھا۔ اس کے بعد مودی نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں مسلح افواج کی پوری صلاحیت کا استعمال کرنے کے لئے کہا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے سے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان مسلسل انکاؤنٹر ہو رہے ہیں۔