وزیر داخلہ امت شاہ16اپریل کو جموں میں ریلی سے خطاب کریں گے:رینہ

عظمیٰ نیوز سروس

جموں //رویندر رینہ نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 16 اپریل 2024 کو پلوڑہ کے منہاس مہاسبھا گراؤنڈ میں جموں میں ایک میگا ریلی سے خطاب کریں گے۔اس دوران جموں کشمیر بھاجپا صدر نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ منہاس مہاسبھا گراؤنڈ، پلوڑہ، جموںمیں جلسہ گاہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے اور عوام کی سہولت کے لئے مناسب انتظامات کرنے اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔رویندر رینہ کے ساتھ وبود گپتا، جنرل سکریٹری، بھارت بھوشن، چیئرپرسن ڈی ڈی سی، پون شرما، انچارج وستراک یوجنا، سنجے بارو، سینئر لیڈر، اومی کھجوریا، ضلع صدر، شیو دیو سنگھ، سابق ایم ایل اے، پردومن سنگھ، دل بہادر جموال بھی تھے۔اس موقع پر رویندر رینہ نے اشتراک کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بی جے پی کے ایم پی امیدوار جگل کشور شرما کے لئے ووٹ مانگنے کے لئے ریلی سے خطاب کرنے کے لئے جموں کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط فیصلہ کن حکمرانی کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں امن و استحکام کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’متنازع آرٹیکل 370 اور 35 (a)، جو جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی میں ایک بڑی رکاوٹ تھے، کو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی مضبوط قیادت میں ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔رویندر رینہ نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ ریلی سے متعلق ہر چیز کی احتیاط سے منصوبہ بندی کریں تاکہ عوام کی آسانی سے نقل و حرکت کو آسان بنایا جاسکے اور ریلی کے ہموار انعقاد کے لئے تمام ضروری انتظامات کی نگرانی کی جائے۔