وزیر اعلی کی مبارکباد

 سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس سال سول سروسز امتحان پاس کرنے والے ریاست کے امید واروں کو مبارک باد دی ہے ۔ کامیاب امید واروں نے نام اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنی بے مثال کامیابی کی بدولت ان نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے پوری ریاست کو خوشیوں اور مسرتوں کی ایک نوید دی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم انہیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے ایک مناسب پلیٹ فارم اور مواقع فراہم کیا جانا چاہیئے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ سال در سال نوجوان لڑکے اور لڑکیاں جموں وکشمیر کو مسکرانے کا ایک موقعہ دیتے ہیں اور یہ ہمیں احساس دلاتا ہے کہ اگر ہم مختلف وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اپنی صلاحیتوں کو ایک مثبت سمت دیں تو ہم ریاست کو ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں تک آسانی سے لے جاسکتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے ان امید واروں کے کنبوں ، والدین اور اساتذہ کو بھی ان کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔