وزیر اعلیٰ کی ہدایات اوریقین دہانیاں

 
اننت ناگ// ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ کی طرف سے عوامی دربا رکے دوران دی گئی ہدایات اورفیصلوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر محمد یونس ملک نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے سلسلے میں عمل آوری رپورٹ کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے ضلع میں 11نومبر2017کو عوامی دربار کے دوران 319ہدایا ت دئے جن میں سے اب تک 74ہدایات پر عملدر آمد کیا گیا جبکہ باقی ہدایات پر مرحلہ وار طریقے پر عملدر آمد کیا جارہا ہے۔میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کے تحت حصولیابیوں اورپیش رفت کے بارے میںصوبائی کمشنرکو تفصیلی جانکاری دی گئی۔میٹنگ میںترقیاتی کمشنر اننت ناگ،اے ڈی سی،چیف پلاننگ آفیسر اورڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سپلائز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔ادھر  صوبائی کمشنر کشمیر  نے ڈاک بنگلہ کولگام میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے دی گئیں ہدایات اور فیصلوں کی عمل آوری کاجائزہ لینے کیلئے آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام طلعت پرویز نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی عمل آوری کے سلسلے میںجانکاری دی۔صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے 25نومبر2017کو عوامی دربار کے دوران دی گئیں355ہدایات میں سے اب تک 68ہدایات پر عملدر آمد کیا گیا ہے جبکہ دیگر فیصلے تکمیل کے مختلف مراحل میںہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات عامہ شعبے کی طرف سے سید صالح زیارت شریف سکھڈ تک سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے جس پر 26.60لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔میٹنگ میںدیگر کاموں اور پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بار ے میں بھی جانکاری دی گئی ۔