وزیر اعلیٰ کی رابطہ مہم جاری: ڈوڈہ میں عوامی شکایات کے ازالہ کیمپ کا انعقاد

ڈوڈہ//چناب خطے کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی آج کشتواڑ سے ڈوڈہ پہنچی اور وہاں عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ کا انعقاد کیا۔اسی طرح کا کیمپ وزیر اعلیٰ نے کل کشتواڑ میں منعقد کیا تھا۔ضلع کے ارکان قانون سازیہ اس موقعہ پر موجودتھے۔جو مطالبات کیمپ کے دوران سامنے آئے ان میں ڈوڈہ ۔ کپرن سڑک کی تعمیر ، قصبوں میں سٹریٹ لائیٹس نصب کرنے اور ڈوڈہ اور بھدرواہ کو سیاحتی نقشے پر لانے کے مطالبات شامل ہیں۔لوگوں نے خطے میں قائم ہونے والے پاور پروجیکٹوں کے لئے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کے لئے ایک سکل ڈیولپمنٹ ادارہ کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ لوگوں نے قصبے میں ایک زنانہ کالج قائم کرنے اور گنپت پل کی تکمیل میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا۔ ڈوڈہ اور بھدرواہ سے آئے ہوئے کئی وفود نے ان علاقوں میں سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا جن کی بدولت مقامی اقتصادیات میں استحکام مدد ملے گی ۔ لوگوں نے لال درمن اور دال درمن جگہوں کو ترقی دے کر انہیں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنانے کا مطالب کیا۔ لوگوں نے ضلع میں ناجائز وزات ہٹانے کی مہم شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفود نے وزیر اعظم آ واس یوجنا کے کوٹا میں اضافہ کرنے ، سٹریٹ لائیٹس کو نصب کرنے ،ڈی آئی جی دفتر کو ڈوڈہ ۔کشتواڑ رینج سے ڈوڈہ منتقل کرنے اور گنپت پل کی تکمیل میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے ڈوڈہ ، بھدرواہ اور ٹھاٹھری قصبوں میں سٹریٹ لائیٹس نصب کرنے کے لئے 35لاکھ روپے کی واگزاری کی ہدایت دی۔مرمت علاقے کے ایک وفد نے امبل ۔ ددنی سڑک کی تعمیر ، علاقے میں ہربل ریسرچ سینٹر کے قیام اور رگینالہ پر مائیکروپروجیکٹس کے قیام کا مطالبہ کیا۔ بھلیسہ کے ایک وفد نے علاقے میں بجلی کی تقسیم کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔وزیر اعلیٰ نے کولترا میں ریسوونگ سٹیشن تعمیر کرنے کے سلسلے میں 50لاکھ روپے کی واگزار کا اعلان کیا۔ ٹھاٹھری کے کئی وفود نے علاقے میں پینے کے پانی کی سہولیات اور سڑکوں کی نیٹ ورک کی اَپ گریڈیشن عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ وزیرا علیٰ نے علاقے کے تین سڑکوں کو اَپ گریڈکرنے کے سلسلے میں 20لاکھ روپے کی واگزار کا اعلان کیا۔ کاسٹی گڈھ کے ایک وفد نے کاسٹی گڈھ اری گیشن کنال کی مرمت اور کاسٹی گڈھ ۔ دارو سڑک کی اَپ گریڈیشن کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے نہر کی مرمت اور کاسٹی گڈھ ۔ دارو سڑک میں بہتر ی لانے کے سلسلے میں 5لاکھ روپے واگزار کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جودھپور علاقے میں اِتواس واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کرنے کے سلسلے میں 30لاکھ روپے کی واگزاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے مقامی سکول کو کمیونٹی سینٹر کی عمارت میں منتقل کرنے اور اس میں تجدید کاری لانے کے سلسلے میں 10لاکھ روپے کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوںنے گھٹی ۔ گلاکا سڑک کی دیکھ ریکھ کے لئے 5لاکھ روپے کی رقم واگزار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے دیسا ہائیرسکینڈری سکول کی عمارت تعمیر کرنے کے سلسلے میں 10لاکھ روپے کی واگزار ی کا اعلان کیا۔ اسر کے ایک وفد نے اسر سے ٹھنڈا پانی تک سڑک کی تعمیر اور پٹا گائوں کو بجلی فراہم کرنے کے پروگرام میں لانے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اسر سے پٹا تک سڑک تعمیر کرنے کے سلسلے میں پانچ لاکھ روپے کی واگزاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے پٹا گائوں کو بجلی فراہم کرنے کے پروگرام میں لانے کی بھی ہدایت دی۔بھدرواہ سے آئے ہوئے وفد نے بھدوواہ ۔ چھمبا اور بھدرواہ ۔ بسوہلی سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ جسمانی طور ناخیز افراد کے ایک وفد نے ان کے حق میںمخصوص کوٹا جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ بار ایسو سی ایشن کے ممبروں کے ایک وفد نے کورٹ کمپلیکس میں اور زیادہ وکلاء چیمبر تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔کاروبار لوگوں ، انجینئروں ، نوجوانوں اور دیگر علاقے کے لوگوں کے وفود بھی وزیراعلیٰ سے ملے اور اپنی شکایات کے ازالے کی درخواست کی۔وزیراعلیٰ نے دن بھر وفود کے مطالبات سنے اور یہ سلسلہ شام تک جاری رہا۔ کئی معاملات میں محبوبہ مفتی نے لوگوں کی شکایات کا ازالہ موقعہ پر ہی کیا جس کی وفود نے سراہنا کی ۔وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری ، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اور پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران ، کئی محکموں کے سربراہاں ، انجینئرنگ ونگوں کے چیف ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ، ایس ایس پی اور ضلع انتظامیہ کے افسران اس موقعہ موجود تھے۔