وزیر اعلیٰ کا آر ایس پورہ کے چلڈرنز ہوم کا دورہ

 جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے یتیموں اور مسکینوں کی باقاعدہ باز آباد کاری اور ان کے ساتھ مکمل سماجی رشتے قائم کرنے پر زور دیا ہے۔آر ایس پورہ میں چلڈرنز اینڈ ڈیسٹی چیوٹ ہوم کے بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالانکہ حکومت وہ سب ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے جو اسے ان بچوں کے تئیں انجام دینی چاہئیں، پھر بھی ریاست کے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ایسے قسمت کے ماروں کی باقاعدہ باز آباد کاری میں اپنا رول نبھائیں۔محبوبہ مفتی نے لوگوں کے تمام طبقوں سے اپیل کی کہ وہ غریبوں، مسکینوں ، یتیموں اور ناداروں کی مدد کرنے میں تمام تر اقدامات اُٹھائیں۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہوم کے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر اُن کی شاعری اور گانے سُنے اور اُن کی پینٹنگ کے ہُنر سے محضوظ ہوئے۔وزیر اعلیٰ ان بچوں کو دیوالی کی مبارک باد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے دُعا کی۔وائس چیئرمین ایس سی/ ایس ٹی بورڈ بھوشن ڈوگرہ، وائس چیئرمین وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن وجے ڈوگرہ، ڈویثرنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، آئی جی پی جموں زون، ایس ڈی ایس جموال،ضلع افسران اور بھاری تعداد میں لوگ اس موقعہ پر موجود تھے۔دریں اثنا لوگوں کے متعدد وفود وزیر اعلیٰ سے ملے اور دیوالی کی خوشیاں اور شادمانیاں اُن کے ساتھ بانٹیں۔ محبوبہ مفتی نے لوگوں سے اُن سے فلاح بہبود کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔