سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 939.41کروڑ روپے کی لاگت والے سرینگر سمی رنگ روڈ پروجیکٹ کا 19مئی2018ء کو سنگ بنیاد رکھیں گے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں انہوںنے پروجیکٹ کے لئے حصول اراضی عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،سپر انٹنڈنگ انجینئر تعمیرات عامہ،پروجیکٹ ڈائریکٹر ایچ ایچ اے آئی،اسسٹنٹ کمشنر سینٹرل ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور وائس پریذیڈنٹ رمکے کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے جب کہ ترقیاتی کمشنر بڈگام نے ویڈ یو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 42.11کلومیٹر کا یہ پروجیکٹ 6اضلاع اور 52دیہات سے گزر کر 5440.26کنال اراضی کا احاطہ کرے گا۔ان اضلاع میں بارہمولہ،پلوامہ ،بڈگام،گاندربل ،سرینگر اوربانڈی پورہ شامل ہیں۔میٹنگ میںیہ جانکاری دی گئی کہ بڈگام کے سوا تمام اضلاع میں ضرورت کے تحت اراضی این ایچ اے آئی کو منتقل کی گئی ہے جب کہ بڈگام میں 70فیصد اراضی اتھارٹی کو منتقل کی جاچکی ہے اور باقی اراضی کی منتقلی کا عمل تین دنوں کے اندر اندر مکمل ہوگا۔صوبائی کمشنر کی سفارش پر این ایچ اے آئی کے آفیسران ،ضلع انتظامیہ بڈگام کو 120کروڑ روپے منتقل کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔