سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کو جی ایس ٹی کے تحت رجسٹریشن کے عمل کو 15؍ اگست 2017ء تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت اُن کی ماہوار پرگتی ویڈیو کانفرنس میں دی۔ ریاست کے چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ نئے ٹیکس نظام کی مؤثر عمل آوری پر زور دیتے ہوئے وزیرا عظم نے چیف سیکرٹریوں کو 15؍ اگست تک رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے اور بلاک اور ضلع سطحون پر سینئر افسران کو نامزد کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعظم نے مختلف ریلوے اور سڑک پرو جیکٹوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے شہری ترقیاتی محکمہ کے مرکزی سیکرٹری سے شکایات کے ازالے کے حوالے سے پیش رفت کی بھی جانکاری حاصل کی ۔ وزیر اعظم نے 2022ء تک ہاوسنگ فار آل مشن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام طرح کے لوازمات پورا کرنے کے احکامات دئیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریاستی سرکاروں کو ماہانہ بنیادوں پر آواس یوجنا کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور پیش رفت اُن کے دفتر کو بھیجتے کی بھی ہدایت دی ۔