عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعظم نریندر مودی آج یعنی 19 ستمبر کو سرینگر اور کٹرہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم سونہ وار سرینگر اورکٹرہ میں، وزیر اعظم شرائن بورڈ اسپورٹس کمپلیکس میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔سرینگر میں جلسہ کی جگہ سے ایک کلو میٹر علاقہ تک سیکورٹی کا کڑا بندو بست کیا گیا ہے۔سونہ وار، گپکار روڑ اورراجباغ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔سیول لائنز علاقے میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کے چک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری کے مطابق پانتہ چھوک سے رام منشی باغ کی طرف آنے والا ٹریفک صبح 4بجے سے شام 4بجے تک بندرہیگا۔ اسی طرح لالچوک اور ڈائون ٹائون سے جنوبی کشمیر کی طرف آنے والا ٹریفک اس روٹ پر بند رہے گا۔شہر میں داخل ہونے والا ٹریفک پانتہ چھوک، بائی پاس نوگام کا راستہ اختیار کرے گا اور جنوبی کشمیر کی طرف ٹریفک اسی راستے جائے گا۔پولیس گالف کورس /ہوٹل للت سے رام منشی باغ تک گپکار روڑ سے آنے والا ٹریفک بھی اس دوران بند رہے گا اورڈالگیٹ سے رام منشی باغ تک کی بھی غاڑیوں کی آمد و رفت بند ہوگی۔ ہارون سے لالچوک آنے والا ٹریفک نہرو پارک کا راستہ لے گا۔