سرینگر // گپکارعوامی اتحاد نے منگل کو اعلان کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے24جون کو نئی دہلی میں بلائے گئے کل جماعتی اجلاس میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی سربراہی میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور اتحاد کے ترجمان و سی پی آئی ایم سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی پر مشتمل ٹیم شرکت کرے گی۔ نیشنل کانفرنس صدر اور گپکار اتحاد کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی رہائش گاہ پر سیاسی جماعتوں کے لیڈران کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا"ہمیں وزیر اعظم کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور ہم اس میں شرکت کرنے جارہے ہیں ‘‘۔"ڈاکٹر فاروق نے کہا ، "ہمیں اعتماد ہے کہ ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے سامنے اپنا مؤقف رکھیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا ، "جب میٹنگ ختم ہوجائے گی ، ہم آپ کو، وہاں پر کیا کیا ہوا ، ہم نے کیا کہا اور کیا جواب دیا ، اس کے بارے میں آپ کو آگاہ کریں گے۔گپکار اتحاد جموں وکشمیر کی چھ جماعتوں کا اتحاد ہے ، جس میں این سی اور پی ڈی پی بھی شامل ہے ، جو دفعہ 370 کالعدم قرار دینے اور جموں و کشمیر کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کے فیصلے کے بعد تشکیل دیا گیا تھا۔ گروپ کا عوامی موقف جموں و کشمیر کی ’ریاست‘ کے خصوصی درجہ کی بحالی ہے۔اجلاس میںاتحادکی نمائندگی کرنے والوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ، فاروق نے کہا کہ وہ خود ، محبوبہ مفتی اور ایم وائی تاریگامی اجلاس میں شریک ہوں گے۔اتحاد کے ترجمان ، تاریگامی نے کہا کہ اس میں کوئی "غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے کہ ہم ان کے طے شدہ ایجنڈے پر دستخط کریں گے، ہم یہ دیکھنے جا رہے ہیں کہ تجویز کیا ہے، اگر یہ لوگوں کے مفاد میں ہے تو ہم’ ہاں‘ کہتے ہیں اور اگر کوئی اور بات ہوگی تو بڑا’ ناں‘ کا جواب ہوگا۔پی اے جی ڈی کے ممبر مظفر شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جس کو 5 اگست 2019 کو منسوخ کیا گیاتھا جبکہ پورے جموں و کشمیر میں ہزاروں افراد کو حراست میں لینے یا گرفتار کرنے سمیت مرکزی دھارے کے قائدین کو بھی قید کیا گیا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت 24جون کو کل جماعتی میٹنگ| گپکار اتحاد کا شرکت کرنیکا فیصلہ
