کانگریس صدر کھرگے کا پروگرام آج، اننت ناگ میں جلسہ کریں گے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ// جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل بی جے پی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم میںوزیر اعظم نریندر مودی 14 ستمبر کو شامل ہونے جارہے ہیں۔بی جے پی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے مصروف شیڈول ہونے کی بنا پر وہ ڈوڈہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔وزیر اعظم کا پہلے مرحلے میں ایک ہی جلسے کا پروگرام ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں بھی وہ بھاجپا امیدواروں کی چنائو مہم میں شرکت کرنے والے ہیں۔پارٹی کی طرف سے چنائو مہم چلانے کی جو فہرست جاری کی گئی ہے اس میں پارٹی کے تقریباً سبھی لیڈروں کے نام ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ چار روز قبل وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں کا دو روزہ دورہ کیا اور یہاں پارٹی نشور جاری کر کے ایک بہت بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اسکے ایک روز بعد وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ایک روزہ دورہ پر آئے اور انہوں نے رام بن اور بانہال میں دو جلسوں سے خطاب کیا۔وزیر اعظم کاڈوڈہ سٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کا پروگرام ہے۔
اس جلسے کی تیاریوں کو پارٹی سطح پر حتمی شکل دی جا رہی ہے اور لوگوں کو اکٹھا کرنے کے لیے آس پاس کے علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو لانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ بی جے پی کے ضلع افسران، منڈل پردھان، بوتھ پردھان اور دیگر پارٹی کیڈر ریلی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔مختلف اضلاع میں پارٹی ورکروں کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ وزیر اعظم کے جلسے میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو ممکن بنایا جسکے۔وزیر اعظم کا یہ چنائو کے دوران خطہ چناب کا پہلا دورہ ہوگا ۔جہاں وہ چنائو مہم میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے اور پارٹی ورکروں میں جوش اور ولولہ یدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ادھرکانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے آج یعنی 11 ستمبر کو دوپہر 12 بجے اننت ناگ میں ایک جلسہ عام کرنے والے ہیں۔ اس کے بعد وہ اسی دن ساڑھے تین بجے سری نگر میں پریس کانفرنس کریں گے۔ کانگریس صدر کل ہی واپس نئی دہلی روانہ ہونگے۔