وزیر اعظم کی ریلی 2لاکھ سے زائد لوگ شرکت کریں گے:رینہ ۔ 2014 میں 80ہزار کروڑ کے پیکیج سے کشمیر مشکل صورتحال سے باہر نکلا

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں 7 مارچ کو منعقد ہونے والی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی میں زائد از 2 لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس دورے کے پیش نظر کشمیر میں اس وقت جشن کا ماحول ہے۔کل یہاںایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا: ‘وادی کشمیر کے لوگوں کے لئے خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی 7 مارچ کو یہاں آ رہے ہیں، اس دورے کے دوران بخشی اسٹیڈیم میں ان کی ریلی میں زائد از دو لاکھ لوگ شرکت کریں گے’۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر وادی میں جشن کا ماحول ہے اور یہاں خوشی کی ایک لہر ہے۔ رینہ نے کہا کہ سال 2003 میں جب اس وقت کے وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی جی یہاں آئے تھے تو اس وقت بھی اسی اسٹیڈیم میں لوگوں کا سیلاب امڈ آیا تھا اور اس کے بعد سال 2015 میں جب مودی یہاں آئے تو اس وقت بھی شیر کشمیر اسٹیڈیم میں لوگوں اژدھام جمع ہوا تھا۔انہوں نے کہا: ‘سال 2014 میں جب کشمیر میں خطرناک سیلاب آیا تو اس مشکل وقت میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی یہاں آئے حالانکہ دیوالی کا تہوار تھا انہوں نے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ نہیں منایا بلکہ یہاں لالچوک آئے اور 80 ہزار کروڑ روپیوں کے پیکیج کا اعلان کیا’۔ان کا کہنا تھا کہ اسی پیکیج کے نتیجے میں کشمیر اس مشکل صورتحال سے باہر نکل سکا۔ر رینہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر نے ہر شعبے میں ترقی کی اور ان کی قیادت کی بدولت یہاں امن و آشتی اور بھائی چارے کا ماحول قائم ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہمیں امید ہے کہ آنے والے انتخابات میں بھی کشمیر کے لوگ بی جے پی کی بھر پور حمایت کریں گے’۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کی تمام پارلیمانی نشستوں پر اپنے امید وار کھڑا کرے گی اور بقیہ امید واروں کا اعلان بھی بہت جلد کیا جائے گا۔بتادیں کہ بی جے پی نے جموں اور اودھم پور پارلیمانی نشستوں کے لئے اپنے امیداروں کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم کی طرف سے ریاستی درجے کی بحالی کے متعلق ممکنہ اعلان کے بارے میں پوچھے جانے پر رینہ نے کہا کہ جو بھی اعلان کیا جائے گا لوگ اس کو ریلی میں سنیں گے’۔