وزیر اعظم کی جموں و کشمیر کے 250 طلباء سے ملاقات | کہا ہر شعبے میںبہترین کارکردگی کی صلاحیت موجود

پی آئی بی

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر کے طلبا ء کے ایک وفد سے بات چیت کی۔ جموں و کشمیر کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریبا ً250 طلباء نے فری وہیلنگ اور غیر رسمی بات چیت میں حصہ لیا۔یہ طلبا حکومت ہند کے’ وطن کو جانو‘ یوتھ ایکسچینج پروگرام 2023 کے تحت جے پور، اجمیر اور نئی دہلی کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایک بھارت شریشٹھا بھارت کے جذبے کے تحت، اس دورے کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ملک کی ثقافتی اور سماجی تنوع کی نمائش کرنا ہے۔بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے طلباء سے ان کے سفر کے تجربے اور ان کے مشہور مقامات کے بارے میں پوچھا۔ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر میں کھیلوں کی بھرپور ثقافت پر تبادلہ خیال کیا اور طلبا سے کرکٹ، فٹ بال وغیرہ کھیلوں میں ان کی شرکت کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان میں کسی بھی شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت ہے۔وزیر اعظم نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں کام کریں اور اپنا حصہ ڈالیں اور وکست بھارت کے خواب کو پورا کرنے میں مدد کریں۔جموں و کشمیر میں دنیا کے بلند ترین ریلوے پل کی تعمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے خطے میں رابطے بہتر ہوں گے۔اس سال جموں و کشمیر آنے والے سیاحوں کی ریکارڈ تعداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے یوگا کے فوائد کے بارے میں بھی بات کی اور طلبا کو روزانہ اس کی مشق کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کشمیر میں جی 20 سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور ملک کو صاف ستھرا بنانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔