گپکارروڑ اور نشاط تک سڑک مکمل بند،جھیل ڈل میں سیکورٹی عملے کا متواتر گشت
میر واعظ اور صحرائی سمیت کئی مزاحمتی لیڈر خانہ نظر بند، انجینئر رشید گرفتار
سرینگر//وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی وادی آمد پر سرینگر میںکثیر دائروںپر مشتمل سیکورٹی پہرہ بٹھا دیا گیا ہے،جبکہ ایس کے آئی سی سی کو وزیر اعظم کے سیکورٹی دستے(سپیشل پروٹیکشن گروپ) نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔بلیوارڈ اور گپکار روڑ کو عبو پر مرور کیلئے ممنوع قرار دیا گیا ہے،جبکہ شہر میں درجنوں ناکوں اور گشتی بنکروں کو نصب کیا گیا ہے۔مزاحمتی لیڈروں اور کارکنوں کو خانہ وتھانہ نظر بند رکھا گیا ہے۔ مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے ہڑتال اورمثا لی سیکورٹی انتظامات کے بیچ وزیر اعظم ہند نریندر مودی آج سرینگر وارد ہونگے۔انکے حفاظتی انتظامات کو موثر بنانے کیلئے سی آر پی ایف اور پولیس کی درجنوںکمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔وزیر اعظم کی سیکورٹی کے پیش نظر سرینگر میں سیکورٹی کا جال بچھا دیا گیا ہے،جگہ جگہ گشتی بنکروں اور ناکوں پر فورسز و پولیس اہلکار تلاشیاں لیکر مشتبہ افراد پر قریب سے نگاہ رکھ رہے ہیں۔ شہر میں داخل اور باہر نکلنے والے راستوں پر بھی تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس کے آئی سی سی کو وزیر اعظم کے خصوصی سیکورٹی دستے (سپیشل پروٹیکشن گروپ) نے اپنی تحویل میں لیا ہے جبکہ یہ دستہ کئی روز قبل ہی سرینگر پہنچا تھا اور سیکورٹی کاجائزہ لیا تھا۔ ایس کے آئی سی سی کے سامنے والی زبرون پہاڑی پر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیاہے،جبکہ تقریب گاہ کے عقب میں جھیل ڈل میں کشتیوں اور ہاوس بوٹوں میں فورسز اور پولیس کا گشت کئی روز سے جاری ہے۔ سیاحوں کو بھی اس جانب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سونہ وار سے گرینڈ پیلس تک گپکار روڑ کو گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے بند کیا گیا ہے جبکہ ڈلگیٹ سے نشاط تک روڑ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں محکمہ ٹریفک نے پہلے ہی ایڈوائزری جاری کی تھی۔سری نگر میں مختلف سڑکوں بالخصوص ائرپورٹ روڑ پر موبائل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں ریاستی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ہفتہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں تلاشیوں اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے دوران موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف وسیع کریک ڈائون عمل میں لا کر سینکڑوں کی تعداد میں موٹر سائیکلوں کو بھی ضبط کیا گیا۔شہر کے اہم چوراہوں پر پو لیس نے ڈراپ گیٹ قائم کئے تھے جہاں سے گا ڑیوں کی مکمل تلاشی کے بعد ہی اُنہیںآگے جا نے کی اجا زت دی جا تی تھی ۔اس دوران سید علی گیلانی جہاں بدستور گھر میں نظر بند ہیں وہیں میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی،ہلال احمد وار کے علاوہ انجینئر رشید کو بھی گھر میں نظر بند کیا گیا۔تحریک حریت کے عاشق حسین صوفی، محمد شفیع خان اور فیاض احمد کو تھانوں میں بند رکھا گیا۔
وزیرا عظم کا پروگرام
سرینگر//وزیر اعظم سری نگر پہنچنے کے ساتھ ہی ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس جائیں گے اور حالیہ پنچایتی انتخابات کے ذریعہ منتخب ہوئے سرپنچوں اور پنچوں کے ایک گروپ سے خطاب کریں گے۔ سرپنچوں اور پنچوں کے اس گروپ کو مبینہ طور پر دو دن پہلے ہی سری نگر پہنچادیا گیا۔ وزیر اعظم مودی اس تقریب کے حاشیہ پر جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں بننے والے ایمز اور کشمیری مہاجر سرکاری ملازمین کے لئے عارضی رہائش گاہوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بننے والا اپنی نوعیت کے پہلے بی پی او سنٹر اور گاندربل میں انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔ علاوہ ازیں سوبھاگیہ نامی اسکیم کو لانچ کریں گے۔ وزیر اعظم مودی خطہ لداخ کے لیہہ میں یونیورسٹی آف لداخ کو لانچ کریں گے اور کے بی آر ائرپورٹ لیہہ پر بننے والی نئی ٹرمنل عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ سری نگر کرگل لیہہ ٹرانسمشن پروجیکٹ کو قوم کے نام وقف کرنے کے علاوہ 9 میگاواٹ کی صلاحیت والے ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔