جموں //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اُمید ظاہر کی کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی سرکار ریاستی عوام تک پہنچنے ،عدم اعتماد کو دور کرنے اور ریاست کو درپیش معاملات کے دیر پا حل کے لئے تازہ کوششیں کرے گی۔اُتر پردیش اور اُترا کھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھاری جیت اور منی پور و گوا میں اچھی کارکردگی پر وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی کے حکومت سازی اور ترقیاتی و اقتصادی ایجنڈا کے لئے واضح اور فیصلہ کُن منڈیٹ ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا ،’’میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی کو اِس بھاری جیت پر مبارک باد دیتی ہوں جو اُن کی حکومت سازی اور ترقیاتی و اقتصادی ایجنڈا کا واضح منڈیٹ ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ عوام نے بی جے پی کو ملک میں اقتصادی ترقی کے نئے دور میں لے جانے کے لئے ایک واضح منڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے ریاست جموں وکشمیر کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے نئی سیاسی پہل کرنے اور ریاست میں تباہی کے بھنور کاخاتمہ کرنے کے لئے ریاست کے عوام تک پہنچے کے لئے تازہ کوششیں کرنے پر زور دیا تاکہ ریاست کا مستقل خوشحال اور ریاست کی نوجوان نسل کو ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح مواقع فراہم ہوسکیں ۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ تمام شراکت داروں کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کئے جائیں تاکہ مختلف مسائل کا پُرامن اور دیر پا حل نکالا جاسکے ۔انہوں نے کہا’’ مجھے اُمید ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت مفاہمت کے اُس عمل کو آگے لے جانے میں پہل کرے گی جو 2003ء میں اٹل بہاری واجپائی نے شروع کی تھی اور جس کی وجہ سے زمینی صورتِ حال میں بدلائو آیاتھا۔‘‘ اُنہوںنے ریاست کے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کے دل جیتنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا’’ ہمیں ریاست کو درپیش مسائل اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اورمسائل کے پر امن حل کیلئے یکجا ہونا چاہئے تاکہ ہماری آنے والی نسل کو خون خرابہ کا سامنا نہ کرنا پڑے‘‘۔اُنہوں نے کہا کہ تشدد سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کے باوجود پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا تاکہ ریاست کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں کے لوگوں کو وسیع بنیاد پر مبنی ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جاسکے ۔ اُنہوںنے کہا’’ ریاست میں وسیع سیاسی مفاہمت کو یقینی بنانے کے ہدف سے ’’ ایجنڈ ا آف الائنس ‘‘ میں کئی معاملات کو مد نظر رکھا گیا ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سیاسی ، اقتصادی اور انتظامی محاذ پر ریاست کے لوگوں کی بہبود کے لئے ایجنڈ آف الائنس میں وسیع بنیادی پہل کو عملایا جائے گا۔جمہوری عمل میں ووٹ کی طاقت کو بدلائو کا وسیلہ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگ حق رائے دیہی کا استعمال کر کے ریاست کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔