وزیر اعظم کا دورہ ٔجموں

جموں //وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ جموں کے دوران آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی ایس ٹی ،او بی سی کی جانب سے اپنی مانگوں کو لے کر بی آر امبیڈاکر چوک میں احتجاج کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی ،ایس ٹی کے ریاستی صدر آر کے کلسوترہ نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایااورکہاکہ حکومت کی جانب سے سماج کے پسماندہ طبقہ کو یکسر نظرانداز کیا جا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپاکی مرکزی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی سماج کے پچھڑے ہو ئے طبقہ کی فلاح و بہبود کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں کی مخلوط حکومت نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی بھی معقول قدم نہیں اٹھا یا جس کی وجہ سے اس وقت ریاستی عوام مسائل کا شکار ہو چکی ہے ۔موصوف نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اس سے قبل ہیرا نگر میں ایک ریلی کے دوران ایس سی ،ایس ٹی اور او بی سی طبقہ کو 27فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی ایس ٹی ،او بی سی کے اراکین نے ریاستی اور مرکزی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سماج کے پسماندہ طبقہ کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اٹھا ئے جائیں ۔اس احتجاج میں رمیش سرمال ،محمد شفیع ،شیشی سیال ،امر ناتھ بھگت ،ذاکر حسین ودیگران بھی موجود تھے ۔