بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے وزیر اعظم مفت بجلی (سوریا گھر) یوجنا کی مکمل نگرانی اور انتظام کیلئے یوٹی اور ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکرٹری کو کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ارکان میں مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں، ڈویژنل کمشنروں اور محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسروں کو شامل کیا ہے ۔یہ کمیٹیاں یوجنا کے تحت تمام اجزاء کی ترقی کا باقاعدہ جائزہ لیں گی اورمختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی فراہم کریں گی جبکہ دی گئی ٹائم لائن کے اندر اہداف کو مکمل کرنے کیلئے عملی منصوبہ بندی تیار کریں گی۔ کمیٹی کو وزارت نئی اور قابل تجدید توانائی، حکومت ہند کے ساتھ ہم آہنگی بھی رکھنی ہوگی تاکہ یوجنا کے نفاذ میں بہتری لائی جا سکے۔ کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جموں پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن جو اس منصوبے کے عمل درآمد ایجنسی ہے مرکزی زیر انتظام خطہ سطح کی کمیٹی کو ضروری معاونت فراہم کرے گی۔ یہ اقدام حکومت کی جانب سے بجلی کی سہولیات کی بہتری اور عوامی خدمات کے بہتر نفاذ کی کوششوں کا حصہ ہے۔مرکزی کمیٹی کی کمان جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری کو سونپی گئی ہے ،جس میں محکمہ خزانہ، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ صنعت و حرفت،محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے انتظامی سیکریٹریوں کے علاوہ صوبائی کمشنر کشمیر اور جموں میں ان کے ہم منصب،کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جموں پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محکمہ بجلی(منصوبہ بندی) کے ڈائریکٹر یا ڈائریکٹر جنرل، محکمہ خزانہ (مالیات)کے ڈائریکٹر یا ڈائریکٹر جنرل سمیت کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اس کمیٹی کے ممبران ہونگے۔ اس دوران سرکار نے مفت بجلی یوجنا کے موثر نفاذ کیلئے ضلع سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ضلعی کمیٹی کا بنیادی مقصد یوجنا کے تحت تمام اجزاء کی ترقی کا باقاعدہ جائزہ لینا اور مختلف محکموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ منصوبے کے نفاذ میں بہتری لائی جا سکے۔ یہ اقدام عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری اور بجلی کی سہولیات کے بہتر انتظام کیلئے اہم ہے۔ضلعی کمیٹیوں کی کمان متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو سونپی گئی ہے جبکہ ان کمیٹیوں میں متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے متعلقہ سپر انٹنڈنٹ انجینئر، متعلقہ چیف پلاننگ افسر، لیڈ ڈسرک منیجر،تین غیر سرکاری اراکین سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کے ذریعہ نامزد کیے جائیں گے،دو منتخب نمائندے شہری مقامی اداروںیاپنچایتوں سے ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ نامزد کیے جائیں گے جبکہ جے پی ڈی سی ایل اور کے پی ڈی سی ایل کے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر بھی ان کمیٹیوں کے ممبران ہونگے۔جموں و کشمیر جیسے دور دراز علاقوں میں یہ یوجنا مقامی لوگوں کو بجلی کی دستیابی یقینی بنانے اور بجلی کے بلوں سے ہونے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے ہے۔ اس کے تحت یونیون ٹریٹری اور ضلع سطح پر رابطہ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو یوجنا کے نفاذ اور نگرانی کے ذمہ دار ہوں گی۔یوجنا کے تحت مختلف محکموں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ بجلی کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوامی آگاہی مہمات کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ لوگ یوجنا کے فوائد سے باخبر ہوں۔