نئی دلی/ /آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن نے وزیر اعظم خصوصی سکالرشپ سکیم کے لئے جموں وکشمیر کے طلاب کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا ہے ۔سال 2018 کے تدریسی سیشن کے لئے پی ایم ایس ایس ایس کے تحت رجسٹریشن کا آن لائن عمل 10؍ اپریل 2018سے شروع ہوا جبکہ انجینئرنگ ڈپلوما رکھنے والے طلاب کے لئے لیٹرل انٹری ایڈمیشن رجسٹریشن 17؍اپریل2018 سے شروع ہوگا ۔ بارہویں پاس طلاب کی رجسٹریشن 9؍ مئی 2018ء جبکہ لیٹرل انٹری ایڈمیشن کے لئے 16؍ مئی 2018ء تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے جن امید واروں نے بورڈ آف سکول ایجوکیشن یا سی بی ایس ای سکول سے بارہویں جماعت کا امتحان پا س کرنے والے طلاب پی ایم ایس ایس ایس کے تحت رجسٹریشن کے اہل ہوں گے تاہم کنبے کی آمدنی 8لاکھ روپے سالانہ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے ۔طلاب آن لائن رجسٹریشن ویب سائٹ www.aicte-jk-scholarship-geo.inپر کراسکتے ہیں جن طلاب نے این ای ای ٹی اور جے ای ای کا امتحان پا س کیا ہے انہیں بھی سکالر شپ کے لئے آن لائن رجسٹر کرنا ہوگا۔اے آئی سی ٹی ای کے مطابق جموں و کشمیر کے طلاب کے لئے پی ایم ایس ایس ایس کے تحت تدریسی سیشن 2018-19کے دوران 5000 سکالر شپ دستیاب ہے جن میں 2072جنرل کورسوں ، 2830 پروفیشنل کورسوں اور 100سکالرشپ میڈیکل اور ڈینٹل کورسوں کے لئے دستیاب ہے ۔سال 2012-13سے لے کر اب تک ریاست کے 16500 طلاب نے پی ایم ایس ایس ایس کے تحت وظائف سے استفادہ کیا ہے اور ریاست سے تعلق رکھنے والے طلاب نے اس سے پہلے ملک بھر کے نامور کالجوں میں داخلہ حاصل کیا ہے۔واضح رہے کہ ریاستی محکمہ تعلیم اور اے آئی سی ٹی ای نے پی ایم ایس ایس ایس کے تحت داخلہ عمل کو مزید آسان بنایا ہے تاکہ طلاب ملک کے تسلیم شدہ اور معروف اداروں میں ہی داخلہ حاصل کرسکیں۔اس حوالے سے سکیم کو غلط رنگ سے بروئے کار لانے والے دلال اور فرضی این جی اوز کے رول کو بھی ختم کیا گیا ہے جو طلاب کااپنے مقاصد کے لئے استحصال کرتے تھے ۔ اب اس سکیم کو جموں وکشمیر کے طلاب کے عین موافق تیار کیا گیا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست کے وزیر تعلیم نے انسانی وسائل کو فروغ دینے کے مرکزی وزیر کے ساتھ حال ہی میں نئی دلی میں ملاقات کی تھی اور ان کے ساتھ پی ایم ایس ایس ایس کے دائرے میں مزید کورسوں کو لانے اور آمدن کی بالائی حد ختم کرنے کے معاملات اُٹھائے تھے۔
وزیر اعظم سکالرشپ سکیم کیلئے رجسٹریشن عمل شروع
