سرینگر//انجینئرنگ ، میڈیکل اور جنرل کورسز میں مخصوص زمروں کے تحت 802 نشستیں پُر کرنے کیلئے وزیر اعظم سپیشل سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس ) کے دوسرے مرحلے کی کونسلنگ نامزد مراکز پر 17 جولائی 2017 سے شروع ہو گی ۔ انجینئرنگ کالجوں میں لیٹرل داخلہ لینے کے اہل امیدواروں کی کونسلنگ 19 جولائی 2017 کو ہو گی ۔ اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق میرٹ نمبر 6001 سے میرٹ نمبر 11000 تک درج مخصوص زمرے کے اُمیدواروں کی کونسلنگ 17 جولائی 2017 کو جبکہ میرٹ نمبر 11001 سے میرٹ نمبر 19705 تک کے اُمیدواروں کی کونسلنگ 18 جولائی 2017 کو ہو گی ۔ اسی طرح جن اُمیدواروں نے پی ایم ایس ایس ایس کے تحت لیٹرل انٹری کے ذریعے انجینئرنگ کورسز کیلئے درخواستیں دی ہیں اُن کی کونسلنگ 19 جولائی 2017 کو ہو گی ۔ کونسلنگ نامزد مراکز بشمول امر سنگھ کالج سرینگر ، گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر جموں اور گورنمنٹ ایلیزر جولدان میموریل کالج لہیہ میں منعقد ہو گی ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 6 جولائی 2017 کو اختتام پذیر ہوئی کونسلنگ کے پہلے مرحلے میں 3430 نشستوں میں سے 2628 نشستیں پُر کی گئی ہیں جس میں اوپن زمرے کی 1863 نشستیں اور مخصوص زمروں کی 755 نشستیں شامل ہیں ۔اوپن زمرے میں انجینئرنگ ، میڈیکل اور جنرل کورسز کی تمام نشستیں پُر کی گئی ہیں تا ہم مخصوص زمرے کی 802 نشستیں کونسلنگ کے اگلے مرحلے میں پُر کی جائیں گی ۔ مخصوص زمرے کے تحت جو نشستیں ابھی تک پُر نہیں کی گئی ہیں اُن میں انجینئرنگ کی 686 ، میڈیکل کی 2 اور جنرل کورسز کی 114 نشستیں شامل ہیں ۔ اے آئی سی ٹی ای نے مخصوص زمرے کی نشستوں کو اوپن زمرے کی نشستوں میں تبدیل کرنے کے تعلق سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے ۔ اس باے میں جب وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اے آئی سی ٹی ای کے حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا تا کہ پی ایم ایس ایس ایس کے تحت کوئی نشست خالی نہ رہے ۔ انہوں نے اس فلیگ شپ سکیم کی موثر عمل آوری کیلئے اے آئی سی ٹی ای حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ہزاروں بچوں نے ابھی تک اس سکیم سے استفادہ کیا ہے ۔ پی ایم ایس ایس ایس کے تحت جموں کشمیر کے طالب علموں کو جنرل کورس کیلئے 30 ہزار روپے فی طالب علم سالانہ ، انجینئرنگ کیلئے 1.25 لاکھ روپے فی طالب علم سالانہ اور میڈیکل کورس کیلئے 3 لاکھ روپے فی طالب علم سالانہ تک کا وظیفہ دیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ ہر طالب علم سالانہ ایک لاکھ روپے بطور منٹینس حاصل کرنے کا اہل ہے ۔ جو طالب علم جے ای ای /این ای ای ٹی میں کامیابی حاصل کر کے اپنے میرٹ کی بنیاد پر ریاست سے باہر مختلف اداروں مثلاًآئی آئی ٹیز ، این آئی ٹیز ، میڈیکل کالجوں ، ڈینٹل کالجوں اور سنٹرل یونیورسٹیوں میں داخلہ لیتا ہے، وہ بھی پی ایم ایس ایس ایس کے تحت وظیفہ حاصل کرنے کے اہل ہیں ۔