وزیراعلیٰ اورنائب وزیراعلیٰ کی عید الفطر کے موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد

سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے عید الفطر کے مقدس موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے ۔ مبارکبادی کے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ یہ عید ریاستی عوام کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لیکر آئے ۔ محبوبہ مفتی نے دعا کی کہ مہینے بھر کے روزے اور شبِ داری کی عبادات بارگاہِ الہیٰ میں قبول ہوں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فراخدلی ، نظم و ضبط اور تقوا و پرہیز گاری کا جذبہ آگے بھی روز مرہ کی زندگی کے دوران جاری رہنا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یتیموں ، بیواو¿ں اور مفلوک الحال طبقے کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں کیونکہ انہوں نے پچھلے 30 برسوں کے نامساعد حالات کی وجہ سے کافی مشکلات جھیلی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طبقے کی فلاح و بہبود اور انہیں سماج کے دھارے میں لانے کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت رول ادا کرنا چاہئیے ۔ اس موقعہ پر محبوبہ مفتی نے ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، آپسی بھائی چارے اور انسانی اقدار کی پاسداری کیلئے دعا کی ۔ علاو ہ ازیںنائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاستی عوام کو عید الفطر کے موقعہ پر مبارکباد دی ہے ۔ مبارکبادی کے اپنے پیغام میں ڈاکٹر سنگھ نے امید ظاہر کی کہ عید الفطر ریاست اور یہاں کے لوگوں کیلئے ترقی ، خوشحالی اور امن و امان کی ایک سوغات لیکر آئے گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر امن اور شانتی کا ایک گہوارہ ہے یہاں صدیوں سے مختلف عقیدوں کے لوگ آپسی رواداری اور بھائی چارے سے زندگی گذار رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقدس تہواروں کی بدولت مختلف طبقوں کے درمیان پیار اور محبت کے رشتوں کو مزید تقویت حاصل ہوتی ہے ۔