وزیراعظم کو172سی آئی سی آپریٹروں کامکتوب

بلال فرقانی
سرینگر//محکمہ دیہی ترقی میں’’ سی آئی سی‘‘ ( کمیونٹی انفارمیشن سینٹر )آپریٹروں نے وزیر اعظم ہند کے دورہ جموں کشمیر کے موقعہ پر انہیں کھلا خط لکھ کر 172آپریٹروں کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان آپریٹروں نے کہا ہے کہ انہوںنے جموں کشمیر میں پنچایتی راج نظام کو زمینی سطح پر لاگو کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے،تاہم انکے جائز مطالبات کو حل نہیں کیا گیا۔اپنی روئیداد بیان کرتے ہوئے انہوں نے مکتوب میں کہا ہے کہ سی آئی سی کے 172 آپریٹرز 2004 سے کنٹریکچول بنیادوں10ہزار ماہانہ مشاہیرے پر کام کر رہے ہیں اور یہی چیز انہیں پریشان کن زندگی بسر کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ خط کے مطابق  انتظامیہ کی جانب سے سال 2003-4 میں اخبارات میں مناسب اشتہار دینے اور اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کرنے کے بعد سی آئی سی آپریٹرز کی تقرریوں کو عمل میں لایا گیا تھا۔ان کی بھرتی اہلیت میرٹ کی بنیاد پر اسی برس متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں حکومت جموں و کشمیر کی تشکیل کردہ ضلعی سطح پر تقرری کمیٹی کے ذریعے مناسب بھرتی کے طریقہ کار کے ذریعے کی گئی تھی۔ سی آئی سی آپریٹرز تکنیکی اعتبار سے بہت موثر ہیں اور وہ محکمہ جاتی پورٹلز جیسے آن لائن کاموں کو سنبھال رہے ہیںجن میں ای گرام سوراج ، اسٹیٹ بینک ، پی ایم اے وائی ، پیپلز پلان مہم (سب کی یوجنا سب کا وکاس) ، جی پی ڈی پی ، مشن انتو دیا پی ایف ایم ایس اور ای گورننس سے متعلق دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ آپریٹر تمام دفتری اسائنمنٹس کے علاوہ بلاک ،ضلعی  نظامت ، سیکرٹریٹ سطح پر انتخابات ، اسٹیبلشمنٹ ، اکاؤنٹس ، کام وغیرہ بھی انجام دیتے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے معمولی تنخواہ پر آر ڈی ڈی کی بہتری کے لئے 17 سال تک  خدمات انجام دی ہیں اور ان مشکل ایام میں معمولی تنخواہ کے ساتھ انکا بقاء ایک چیلنج بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ایم ٹیک ، ایم ایس سی آئی ٹی ، بی ای اور بی ٹیک ڈگری لیکن اس کے باوجود انہیں معمولی ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا’’پچھلے 12 سالوں سے ہماری تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور ہماری آواز کو دبایا جارہا ہے۔ وزیر اعظم کے نام اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ محکمہ عمومی انتظامی نے انکی مستقلی کیلئے نئی تشکیل شدہ اسٹیبلیشمنٹ کم سلیکشن کمیٹی کو اختیار دیا،اور تفصیلات جمع کرنے کیلئے محکمہ نے سرکیولر بھی جاری کیا،جس کے بعد آپریٹروں نے اپنے کوائف محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج میںجمع کرائیں،تاہم ابھی تک اس معاملے میں کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے وزیر اعظم  کی آمد پر امید جتائی ہے کہ ان کے مسائل کو  حل کیا جائے گا اور وزیر اعظم ان کی مستقلی کیلئے ضروری ہدایات جاری کریں گے۔