وزیراعظم لال قلعہ پر ترنگا لہرائیں گے، 6ہزار خصوصی مہمان مدعو

 یو این آئی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی آج دارالحکومت دہلی کے تاریخی لال قلعہ سے 78 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں ملک کی قیادت کریں گے ،وہ قومی پرچم لہرائیں گے اور لال قلعہ کی مشہور یادگار کی فصیل سے قوم سے خطاب کریں گے۔ اس سال کے یوم آزادی کا تھیم ‘ترقی یافتہ انڈیا2047’ ہے۔ یہ 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں کیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔قومی اہمیت کے اس تہوار میں عوام کی شرکت کو بڑھانے کے مقصد کے ساتھ، اس سال تقریباً 6000 خصوصی مہمانوں کو لال قلعہ میں ہونے والی تقریبات کا مشاہدہ کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے یہ افراد ہیں ، جنہوں نے نوجوانوں، قبائلی برادری، کسانوں، خواتین اور دیگر لوگوں کیلئے کام کرتے ہیں اور جنہوں نے سرکاری اسکیموں کی مدد سے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

 

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ اور دفاعی سکریٹری گریدھر ارمانے لال قلعہ پہنچنے کے بعد وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔ وزیر دفاع سنگھ لیفٹیننٹ جنرل بھونیش کمار، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، دہلی ایریا کا وزیراعظم سے تعارف کرائیں گے۔ جی او سی، دہلی ریجن اس کے بعد مودی کو سلامی کے اسٹیج پر لے جائے گا جہاں ایک مشترکہ انٹر سروسز اور دہلی پولیس کا گارڈ آف آنر وزیر اعظم کو سلامی پیش کرے گا۔ اس کے بعد وزیراعظم گارڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے۔وزیر اعظم کے گارڈ آف آنر دستے میں فوج، بحریہ، فضائیہ اور دہلی پولیس کا ایک ایک افسر اور 24 اہلکار شامل ہوں گے۔ بحریہ اس سال کی تقریبات کیلئے رابطہ کاری کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ کمانڈر ارون کمار مہتا گارڈ آف آنر کی کمان کریں گے۔ وزیر اعظم کے گارڈ میں فوج کے دستے کی کمان میجر ارجن سنگھ کریں گے، بحریہ کے دستے کی کمان لیفٹیننٹ کمانڈر گلیا بھاویش این کے کریں گے اور فضائیہ کے دستے کی کمان اسکواڈرن لیڈر اکشرا اونیال کریں گی۔ ایڈیشنل ڈی سی پی انوراگ دویدی دہلی پولیس کے دستے کی کمان کریں گے۔گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعظم لال قلعہ کی فصیل کی طرف بڑھیں گے جہاں وزیر دفاع، وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی سکریٹری، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور فضائیہ کے سربراہ ایٔر چیف مارشل وی آر چودھری ان کا استقبال کریں گے۔ دہلی ریجن کے جی او سی وزیر اعظم کو قومی پرچم لہرانے کے لیے چبوترے پر بنائے گئے پلیٹ فارم تک لے جائیں گے۔لیفٹیننٹ سنجیت سینی قومی پرچم لہرانے میں وزیر اعظم کی مدد کریں گے۔ اسے 1721 فیلڈ بیٹری (تقریباتی) کے بہادر گنرز کے ذریعہ 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ دیسی ساخت کی 105 ملی میٹر لائٹ فیلڈ گن کا استعمال کرتے ہوئے رسمی بیٹری کی کمانڈ میجر سبنس کوشک کریں گے اور گن پوزیشن آفیسر نائب صوبیدار (اے آئی جی) انوتوش سرکار ہوں گے۔نیشنل فلیگ گارڈ میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کا ایک ایک افسر، 32 دیگر رینک اور دہلی پولیس کے 128 اہلکار شامل ہیں۔ یہ گارڈز وزیراعظم کی جانب سے قومی پرچم لہرانے کے وقت قومی سلامی پیش کریں گے۔