سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے جموں کشمیر میں وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج ( پی ایم ڈی پی ) کے تحت محکمہ سیاحت کے مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ طلب کی ۔ دوران میٹنگ مشیر نے پی ایم ڈی پی کے تحت محکمہ سیاحت کے مکمل کئے گئے اور جاری پروجیکٹوں کا مفصل جائیزہ لیا ۔ مشیر نے متعلقہ حکام کو پی ایم ڈی پی کے تحت جاری پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے کیلئے آپس میں قریبی تال میل قائم کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے مکمل کئے گئے پروجیکٹوں کی تکمیلی اسناد بھی پیش کرنے کیلئے کہا ۔ اس کے علاوہ افسروں کو متعلقہ حکام کو یوٹیلائیزیشن سرٹیفکیٹ بروقت پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ مشیر نے متعلقہ سی ای اوز کو اُن کے علاقوں میں جاری پروجیکٹوں سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے رُکے پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل میں درپیش رکاوٹوں کو دور کر کے اُن پر کام شروع کرنے کیلئے کہا ۔ مشیر نے ضلع حکام کو موقعہ پر ہی جاری پی ایم ڈی پی پروجیکٹوں کے کام کی ہموار پیش رفت یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ پی ایم ڈی پی کے تحت جن پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اُن میں ترال ، نارستان ، ہارون ، مہر مرگ ، اننت ناگ ، ورزہامہ ، راج پورہ ، اوڑی ، اتھواجن ، بھگوتی نگر ، سدھڑا اور جموں کشمیر کے دیگر علاقوں میں سیاحتی سہولیاتی مراکز شامل ہیں ۔
وزیراعظم ترقیاتی پیکیج | مشیر بصیر خان نے سیاحتی پروجیکٹوں کے کام کا جائیزہ لیا
