وزراء کا دورہ برسوانہ

 ڈوڈہ//وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو ، تعلیم ، حج و اوقاف ، امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی اور تعلیم ، سیاحت ، دیہی ترقی کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار نے ضلع ڈوڈہ کے برسوانہ علاقے کا دورہ کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رقوال ، ناظمِ سکولی تعلیم جموں ، ایس ایس پی ڈوڈہ ، سی ای او بی ڈی اے ، اے سی آر کے علاوہ ضلرع انتظامیہ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مشیر اور وزراء نے حاجی پبلک سکول کے ڈائریکٹر ، طلاب اور عملے سے ملاقات کی اور اُن کے تجربات اور خواہشات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ مٹو نے طلاب سے کہا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں اپنے خواب پورے کرنے کیلئے تمام تر کوششیں جاری رکھیں ۔ وزراء نے اس موقعہ پر مقامی لوگوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور شادی ون ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کا بھی اعلان کیا ۔ ذوالفقار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی پبلک سکول کی انتظامیہ کو معیاری تعلیم اور طلاب میں نظم و ضبط قایم رکھنے پر مبارکباد دی ۔ سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے اپنی تقریر میں ضلع ڈوڈہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو ترقی دینے پر زور دیا ۔ وزیر مملکت شکتی راج پریہار نے بھی سکول انتظامیہ کو طلاب کیلئے انتھک کوششیں کرنے کیلئے سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ برسوانہ کو بہتر سڑک رابطہ فراہم کرنا اُن کی ترجیحات میں شامل ہے ۔