جموں //ریاستی حکومت نے وزراء مملکت کو مزید اختیارات تفویض کر دئیے ہیں جس کے مطابق انہیں نان گزیٹیڈ ملازمین کی تبادلوں کا بھی اختیاردے دیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں حکومت نے ایک حکمنامہ نمبر 1364-GAD of 2016مورخہ 15-12-2016 جاری کیا ہے جس کے مطابق جونئر وزراء کو 3کروڑ روپے تک کے تعمیراتی کاموں کا ایڈمنسٹریٹو اپرول Administrative Approvalدینے ، 15لاکھ روپے تک ایڈوانس ادائیگی کی منظوری،نا ن گزیٹیڈ ملازمین کے بیرونِ ریاست علاج معالجہ کی منظوری دینے کا بھی اختیار ہوگا۔ اس آرڈر کی روٗ سے منسٹر آف سٹیٹ کے پاس اونچے عہدوں پر کام کرنے والے افسران اور ملازمین کے حق میں چارج الائونس منظور کرنے اور نان گزیٹیڈ ملازمین کو تکنیکی کانفرنسوںمیں شرکت کی منظوری دینے کے علاوہ فیسٹول ایڈوانس منظور کرنے کا بھی اختیار رہے گا۔اس کے علاوہ جونئر وزراء گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ خالی اسامیاں سلیکشن کمیٹیوں، سبارڈی نیٹ سروسز سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کو ریفر کرنے کے علاوہ سروے کمیٹیوں کی تشکیل کا بھی مجاز ہوگا۔ جے اینڈ کے فنانشل کوڈ کے رول 18.1کے مطابق منسٹر آف سٹیٹ ٹھیکیداروں اور سپلائروںکو بلیک لسٹ بھی کر سکے گا۔ اپنے محکمہ کے نان گزیٹیڈ ملازمین کی انکریمنٹ روکنے ، سٹیشنری کی خرید ، تقریبات بشمول سنگ بنیاد و افتتاح وغیرہ پر آنے والے اخراجات کی منظوری دینے کا بھی مجاز ہوگا۔ گزیٹیڈ آفیسران کے تبادلوں کی ہر فائل بھی وزیر مملکت کے توسط سے ہی کابینہ وزیر کو بھیجی جائے گی جب کہ پی پی پی پروجیکٹس بھی کابینہ وزیر سے قبل وزیر مملکت کو بھیجے جائیں گے۔ وزیر مملکت کو بھیجی جانے والی فائلوں پر رسیپٹ و ڈسپیچ کی تاریخیں درج کی جائیں گی نیز منسٹر آف سٹیٹ 7دن کے اندر فائل کا نپٹارا کرنے کا پابند ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی سعید نے بھی جونئر وزاء کو 19دسمبر 2015کو اختیارات تفویض کئے تھے۔